اربوں روپے کی کرپشن میں ملوث آٹھ ملزمان کی اربوں روپے مالیت کی املاک کو نیب نے بحق سرکار ضبط کر لیا
اربوں روپے کی کرپشن میں ملوث آٹھ ملزمان کی اربوں روپے مالیت کی املاک کو نیب نے بحق سرکار ضبط کر لیا
شیخوپورہ ) ضلع شیخوپورہ کی تاریخ کے محکمہ پبلک ہیلتھ اینڈ انجینئرنگ میں ترقیاتی کاموں کے نام پر اربوں روپے کی خرد برد کے ریفرنس کی تفتیش کا دائرہ کار بڑھا دیا گیا ہے اور اس ریفرنس میں ملوث آٹھ ملزمان کی مجموعی طور پر اربوں روپے مالیت کی املاک کو قومی احتساب بیورو نے بحق سرکار ضبط کر لیا ہے اور صرف ضلع شیخوپورہ کی املاک کے لیے ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ شاہد عمران مارتھ کو ریسیور نامزد کر دیا ہے قابل اعتماد ذرائع کے مطابق اس ریفرنس میں ملوث کل 19 میں سے نو ملزمان کو نیب کے حکام نے گرفتار کیا ہوا ہے ڈائریکٹر جنرل نیب امجد نذیر اولکھ نے نیب آرڈیننس 1999ء کے سیکشن 12 کے تحت حکم جاری کیا ہے کہ ملزمان معطل شدہ محکمہ خزانہ کے اکاؤنٹنٹوں خالد ایوب، محمد عاصم، ڈویژنل اکاؤنٹس آفیسر لیاقت علی چاہل، ٹھیکیداروں محمد اشفاق، میاں عبدالرزاق، محمد نسیم اکبر، محمد عظیم اکبر اور محمد نعیم اکبر کے علاوہ خالد ایوب کی اہلیہ مریم عبدالستار کے نام پر ضلع شیخوپورہ میں خریدی جانے والی 34 غیر منقولہ املاک بحق سرکار ضبط کی جانی ہیں یہ ملزمان کرپشن اور سرکاری فنڈز کی خرد برد میں ملوث پائے گئے ہیں جن کی اپنے نام پر خریدی گئی املاک شیخوپورہ کے پٹوار سرکل جیون پورہ کلاں، غازی مینارہ، قانون گو، شیخوپورہ اربن، ترنگے والی، چک نمبر 2 / آر بی، صفدر آباد، نوکھر گاؤں، کوٹ سوہندا گجر، فاروق آباد، بھنڈور، مانانوالا، کرپار سنگھ، گاؤں نوکریاں، رکھ ہرن مینار اور وزیرا ورکاں میں ہیں ان املاک میں کوٹھیاں، پلازے اور رہائشی و زرعی زمینیں شامل ہیں جن کی مجموعی مالیت کا اندازہ اربوں روپے میں لگایا گیا ہے ذرائع کے مطابق نیب نے یہ کارروائی محکمہ مال کی ان آٹھ ملزمان کی غیر منقولہ املاک کی رپورٹوں کی بنیاد پر کی گئی ہے دریں اثناء حکومت پنجاب نے اس ریفرنس میں ملوث محکمہ خزانہ ضلع شیخوپورہ اور محکمہ پبلک ہیلتھ اینڈ انجینئرنگ کے 20 گزٹیڈ اور نان گزٹیڈ ملازمین اور انجینئروں کو معطل کر دیا ہے