*ٹریفک حادثے میں شہید ہونے والے خاندان کو انصاف، ملزم کو 10 سال قید اور 3.24 کروڑ جرمانہ*
*ٹریفک حادثے میں شہید ہونے والے خاندان کو انصاف، ملزم کو 10 سال قید اور 3.24 کروڑ جرمانہ*
گوادر: گزشتہ سال ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج گوادر نے اورماڑہ کے قریب پیش آنے والے ایک المناک ٹریفک حادثے کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے ملزم عبدالخالق کو مجرم قرار دے دیا، عدالت نے ملزم کو جرم اور لاپرواہی ثابت ہونے پر 10 سال قید بامشقت اور 3 کروڑ 24 لاکھ روپے جرمانہ دیت ادا کرنے کا حکم دیا۔
یہ حادثہ 2024 کو پیش آیا، جس میں محکمہ پبلک ہیلتھ گوادر کے سپرٹینڈنٹ انجینئر مرحوم امان آسکانی، ان کی اہلیہ اور دو بھائیوں کی بیویاں جاں بحق ہو گئی تھیں۔ مقدمہ 10/2024 کو دفعہ 320 اور 427 کے تحت درج کیا گیا تھا۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں یہ بھی ریمارکس دیئے کہ اگر ملزم دوران قید فوت ہو جاتا ہے تو جرمانے اور دیت کی رقم اس کے ورثاء ادا کرنے کے پابند ہوں گے۔
کیس کی سماعت کے دوران ملزم عبدالخالق کی وکالت ایڈووکیٹ معراج علی نے کی، جبکہ جاں بحق ہونے والے امان آسکانی کے خاندان کی وکالت ایڈووکیٹ فاروق بلوچ نے کی۔ استغاثہ کی جانب سے سرکاری وکیل گلزار احمد پیش ہوئے۔
یہ فیصلہ حادثات کے متاثرین کے لیے انصاف کی ایک بڑی مثال کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جبکہ شہری حلقوں نے عدالتی فیصلے کو سراہا ہے۔