October 2, 2026

سمارٹ کاروبار سے خواتین اور چھوٹی انڈسٹری کے فروغ کی نئی راہ ایم پی فضل الہی

IMG-20250201-WA0228

سمارٹ کاروبار سے خواتین اور چھوٹی انڈسٹری کے فروغ کی نئی راہ ایم پی فضل الہی

پشاور،(سید گوہر شاہ )
خواتین کی معاشی خودمختاری اور چھوٹی انڈسٹری کے فروغ کے لیے “سمارٹ کاروبار” کا آج باضابطہ افتتاح کیا گیا۔ اس اہم موقع پر مہمانِ خصوصی، رکن صوبائی اسمبلی جناب حاجی فضل الہی نے افتتاحی ربن کاٹ کر اس منفرد کاروباری ماڈل کا آغاز کیا۔ وہ خاص طور پر سمارٹ کاروبار سے محترمہ صائمہ محبوب کی دعوت پر تشریف لائے۔

سمارٹ کاروبار ایک جدید اور منفرد کاروباری ماڈل پر مبنی ہے، جو چائنا ماڈل کو فالو کرتے ہوئے کم بجٹ میں چھوٹی انڈسٹری کے قیام کے لیے افراد کو تربیت فراہم کرتا ہے۔ اس منصوبے کے تحت نہ صرف لوگوں کو ہنر سکھایا جاتا ہے بلکہ انہیں مشینیں اور مکمل کاروباری سیٹ اپ بھی فراہم کیا جاتا ہے تاکہ وہ خود کفیل بن سکیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ صائمہ محبوب نے بتایا کہ سمارٹ کاروبار میں ہم پانچ پارٹنرز ہیں جس میں صائمہ محبوب، عاطف خان، وقار خان اور بسم اللہ خان شامل ہیں یہ پارٹنرز میرے ساتھ اس کاروبار کی ابتدا سے تھے اور انشاءاللہ اس کی مزید ترقی میں بھی حصے دار ہوں گے کاروبار کے حوالے سے صائمہ محبوب نے بتایا کہ سمارٹ کاروبار دو اہم حصوں پر مشتمل ہے۔ اس کا ایک حصہ انٹرپرائز اسکل ڈیولپمنٹ اور سمال انڈسٹری کے فروغ سے متعلق ہے، جبکہ دوسرا حصہ ہربل اور بیوٹی پروڈکٹس کی تیاری اور فروخت سے وابستہ ہے، جو کہ “ZIMAL.A” کے برانڈ کے تحت مارکیٹ میں دستیاب ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب تک سینکڑوں افراد کو اس منصوبے کے ذریعے خودمختاری کی راہ پر گامزن کیا جا چکا ہے۔

تقریب میں مختلف نامور تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی، جن میں ہاشو فاؤنڈیشن، یو ایس نیٹ ورک کے صدر جناب طاہر زیادہ، عامر خلیل، حامد صاحب (ہاشو فاؤنڈیشن)، جنید صاحب (سمیٹا)، اعجاز خان (IRC)، زرین اختر (اعجاز انٹرپرائزز)، اور عرفہ کریم فاؤنڈیشن کے حماد صاحب شامل تھے۔

یہ منصوبہ خیبرپختونخوا میں اپنی نوعیت کا پہلا کاروباری اقدام ہے، جہاں خواتین کو انٹرپرائز اسکل ڈیولپمنٹ کی تربیت دی جاتی ہے اور انہیں اپنا کاروبار شروع کرنے میں مکمل معاونت فراہم کی جاتی ہے۔ افتتاحی تقریب کا مقصد دیگر افراد اور تنظیموں کو بھی اس سمت میں متحرک کرنا تھا تاکہ حکومتی سطح پر روزگار کی فراہمی اور مقامی صنعت کے فروغ میں مزید مدد مل سکے۔

حاجی فضل الہی کی جانب سے سمارٹ کاروبار کی بھرپور تعریف

مہمانِ خصوصی جناب حاجی فضل الہی نے اس منفرد کاروباری ماڈل کو سراہتے ہوئے کہا کہ:
“یہ ایک شاندار قدم ہے جو اس وقت بےروزگاری کے مسئلے کو حل کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ سمارٹ کاروبار کے ذریعے نوجوانوں اور خواتین کو نہ صرف ہنر سکھایا جا رہا ہے بلکہ انہیں کاروبار کے لیے درکار تمام ضروری وسائل بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔ اس ماڈل سے چھوٹی انڈسٹری کو فروغ ملے گا، جو ملکی معیشت کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی۔”

انہوں نے مزید کہا کہ سمارٹ کاروبار نہ صرف مقامی مصنوعات کو فروغ دے گا بلکہ امپورٹس پر انحصار کم کرکے ملکی معیشت کو مستحکم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔

تقریب کے اختتام پر معزز مہمانوں نے سمارٹ کاروبار کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا اور اس منفرد منصوبے کو سراہا۔ اس موقع پر شرکاء نے سمارٹ کاروبار کے وژن کو آگے بڑھانے کے لیے مزید تعاون کی یقین دہانی کرائی۔