November 17, 2026

*نماز پڑھنے کا مسنون طریقہ* (گذشتہ سے پیوستہ) منگل 07 جنوری 2025 انجینیئر نذیر ملک سرگودھا مسئله نمبر

20250106_072931

*نماز پڑھنے کا مسنون طریقہ*
(گذشتہ سے پیوستہ)

منگل 07 جنوری 2025
انجینیئر نذیر ملک سرگودھا

مسئله نمبر 208
*دوسرے تشہد میں التحیات کے بعد درود شریف اور اس کے بعد مسنونہ دعاؤں میں سے کوئی ایک پڑھنی چاہیے*

حضرت فضالہ بن عبید رضی اللہ تعالی عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک ادمی کو نماز میں درود کے بغیر دعا مانگتے ہوئے سنا آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا ۔اس نے جلدی کی پھر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اسے اپنے پاس بلایا اور اس سے یا کسی دوسرے شخص و مخاطب کرتے ہوئے فرمایا “جب کوئی نماز پڑھے تو اللہ کی حمد و ثنا سے آغاز کرے پھر اللہ تعالی کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم پر درود بھیجے اس کے بعد جو چاہے دعا مانگے۔ (اسے ترمذی نے روایت کیا ہے)

مسئلہ 209
*رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے نماز میں مندرجہ ذیل درود پڑھنے کی ہدایت فرمائی۔*

حضرت عبدالرحمن بن ابو لیلی رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ ہم نے پوچھا کہ یارسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہم آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر اور اہل بیت پر کس طرح درود بھیجیں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ۔

*اَللّٰھُمَّ صَلِّ عَلٰی مُحَمَّدٍ وَّعَلٰٓی اٰلِ مُحَمَّدٍ کَمَا صَلَّیْتَ عَلٰٓی اِبْرَاھِیْمَ وَعَلٰٓی اٰلِ اِبْرَاھِیْمَ اِنَّکَ حَمِیْدٌ مَّجِیْدٌ*
*اَللّٰھُمَّ بَارِکْ عَلٰی مُحَمَّدٍ وَّعَلٰٓی اٰلِ مُحَمَّدٍ کَمَا بَارَکْتَ عَلٰٓی اِبْرَاھِیْمَ وَعَلٰٓی اٰلِ اِبْرَاھِیْمَ اِنَّکَ حَمِیْدٌ مَّجِیْدٌ*

ترجمہ:
کہو یا اللہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم اور ال محمد صلی اللہ علیہ وسلم پر اسی طرح رحمت بھیج جس طرح تو نے ابراہیم علیہ السلام اور ال ابراہیم علیہ السلام پر رحمت بھیجی تعریف اور بزرگی تیرے ہی لیے ہیں یا اللہ محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر اور ال محمد صلی اللہ علیہ وسلم پر اسی طرح برکت نازل فرما جس طرح تو نے ابراہیم علیہ السلام اور ال ابراہیم علیہ السلام پر برکت نازل فرمائی تعریف اور بزرگی تیرے ہی لیے ہے ۔(اسے بخاری میں روایت کیا ہے۔)

مسئلہ نمبر 210
*درود شریف کے بعد ماثورہ دعاؤں میں سے کوئی ایک یا جتنی کوئی چاہے پڑھ سکتا ہے۔*

مسئلہ نمبر 211
*ماثورہ دعاؤں میں سے دو دعائیں درج ذیل ہیں۔*

حضرت عائشہ رضی اللہ تعالی عنہا فرماتی ہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نماز میں تشہد اور درود کے بعد ) یہ دعامانگتے ۔

،أَللَّهُمَّ إِنِّي أَعُوذُ بِكَ مِنْ عَذَابِ الْقَبْرِ وَ أَعُوذُ بِكَ مِنْ فِتْنَةِ الْمَسِيحِ الدجال وَ أَعُوذُ بِكَ مِنْ فِتْنَةِ المحیا وَالْمَمَاتِ أَللَّهُمَّ إِنِّي أَعُوذُ بِكَ مِنَ الْمَاثَمِ وَالْمَغْرَمِ۔ »

الہی میں تیری جناب سے عذاب قبر ، مسیح دجال کے فتنے ، موت وحیات کی آزمائش ، گناہوں اور قرض سے پناہ مانگتا ہوں ۔( اسے بخاری اور مسلم نے روایت کیا ہے۔)

حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ تعالٰی عنہ سے روایت ہے کہ انہوں نے رسول ﷺ سے عرض کیا مجھے کوئی دعاء سکھلائیے جو میں اپنی نماز میں پڑھوں ، آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا کہو
*أَللَّهُمَّ إِنِّي ظَلَمْتُ نَفْسِي ظُلْمًا كَثِيرًا لَّا يَغْفِرُ الذُّنُوبَ إِلَّا أَنْتَ فَاغْفِرْ لِي مَغْفِرَةً مِنْ عِنْدِكَ وَارْحَمْنِي إِنَّكَ أَنْتَ الْغَفُورُ الرَّحِيمُ )*
اے اللہ ! میں نے اپنے آپ پر بہت ظلم کیا ہے اور تیرا سوا گناہ معاف کرنے والا کوئی نہیں اپنی رحمت سے میرے سارے گناہ معاف فرمادے مجھ پر رحم فرما بے شک تو بخشنے والا مہربان ہے ۔“ (اسے بخاری و مسلم نے روایت کیا ہے۔)

مسئلہ نمبر 212
*اتحیات درود شریف اور دعاؤں سے فارغ ہونے کے بعد السلام علیکم ورحمۃ اللہ کہہ کر نماز ختم کرنا مسنون ہے۔*

حضرت علی بن ابو طالب رضی اللہ تعالی عنہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا طہارت نماز کی کنجی ہے نماز کا آغاز تکبیر اور اختتام سلام کہنا ہے۔( اسے ابو داؤد احمد، ترمزی اور ابن ماجہ نے روایت کیا ہے۔

مسئلہ 213
*سلام پھیرنے کے بعد امام کو دائیں یا بائیں طرف سے پھر کر لوگوں کی طرف منہ کر کے بیٹھنا چاہیے۔*
حضرت سمرہ بن جندب رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم جب نماز پڑھ لیتے تو اپنا چہرہ مبارک ہماری طرف پھیر لیتے( اسے بخاری نے روایت کیا ہے۔)

مسئلہ نمبر 214
*نماز سے سلام پھیرنے کے بعد ہاتھ اٹھا کر اجتماعی دعا مانگنا سنت سے ثابت نہیں۔*

مسئلہ نمبر 215
*سلام پھیرنے کے بعد دائیں یا بائیں طرف مصافحہ کرنا سنت سے ثابت نہیں۔*

*الدعاء*
یا اللہ نماز میں جو ہم سے کوتاہیاں ہوئی ہیں تو ہمیں معاف فرما دے۔

آمین یا رب العالمین
Please visit us at www.nazirmalik.com Cell 0092300860 4333