خیبرپختونخوا کی ایپکس کمیٹی نے کُرم میں قیام امن کے لیے تمام بنکرز ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
خیبرپختونخوا کی ایپکس کمیٹی نے کُرم میں قیام امن کے لیے تمام بنکرز ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا نے پشاور میں مشترکہ طور پر خیبرپختونخوا کی ایپکس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں ایپکس کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ کُرم میں بنکرز اور اسلحے کے خاتمے کے بغیر پائیدار امن ممکن نہیں ہے،کُرم میں ادویہ اور دیگر اشیا بروقت فراہم کی جائیں گی۔
قبل ازیں، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سے ملاقات کرکے صوبے میں قیام امن کے حوالے سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی تھی۔
وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے ایوان وزیراعلیٰ آمد پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا خیر مقدم کیا، دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور کرم میں قیام امن کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو قیام امن کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعدادکار بڑھانے میں پورا تعاون کریں گے، کرم میں قیام امن اولین ترجیح ہے۔