2 نومبر آزادی صحافت کا عالمی دن ،پاکستان میں صورتحال انتہائی خطرناک
*
2 نومبر آزادی صحافت کا عالمی دن ،پاکستان میں صورتحال انتہائی خطرناک
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نقطہ نظر
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نعیم اختر
پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج صحافیوں کے خلاف جرائم کے خاتمے(آزادی صحافت) کا دن منایا جارہا ہے۔
صحافی جو ہر طبقے کے حقوق کی آواز بلند کرتا ہے، معاشرے کی آنکھ اور کان سمجھا جاتا ہے، انتہائی کٹھن اور خطرناک حالات میں اپنے فرائض سر انجام دیتا ہے، تشدد سہتا ہیں، دشمنیاں مول لیتا ہے۔ مگر صحافیوں کے خلاف جرائم میں ملوث اکثر مجرم قانون کے کٹہرے میں نہیں لائے جاتے۔
اقوام متحدہ کی جانب سے ہرسال یہ دن منانے کا مقصد عوام کو سچائی بتانے کی پاداش میں قتل ہونے یا تکلیفیں سہنے والے صحافیوں کو یاد کرنا ہے۔کہنے کو تو پاکستان میں صحافیوں کے تحفظ کا قانون بن چکا ہے لیکن اس کے باوجود صحافیوں کے خلاف جرائم کے اعداد و شمار تشویش ناک حد تک زیادہ ہیں۔ پاکستان آج بھی ان ممالک میں شامل ہے جو صحافیوں کے لیے خطرناک گردانے جاتے ہیں، پاکستان میں سال 2000 سے لے کر 2022 تک 150صحافیوں کو قتل کیا گیا، جبکہ صرف دو ملزمان کو سزائیں مل سکیں۔
صحافیوں کے تحفظ پر کام کرنے والی غیرسرکاری تنظیم فریڈم نیٹ ورک نے 2024 کو پاکستان میں کام کرنے والے صحافیوں کے لیے مہلک ترین سال قرار دیا ہے، اس سال 6 صحافیوں کو قتل کیا گیا اور 11 پر قاتلانہ حملے ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق وفاقی اور صوبائی سطح پر صحافیوں کے تحفظ کے لیے قانون سازی کے باوجود حکومتیں ان قوانین کو پوری طرح نافذ کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکیں.
اور صحافی خود کو غیر محفوظ سمجھتے ہیں۔ نومبر 2023 سے اگست 2024 کے دوران صحافیوں کے خلاف 57 واقعات رپورٹ کیے گئے، ان میں سے سب سے زیادہ 21 واقعات سندھ میں، 13 پنجاب، 12 اسلام آباد، 7 خیبر پختونخوا اور 2 واقعات بلوچستان میں رپورٹ ہوئے۔پاکستان میں صحافی عدم تحفظ کا شکار ہو چکے ہیں آئے روز ملک کے کسی نہ کسی علاقے میں صحافیوں کو نہ صرف تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے بلکہ انہیں موت کے گھاٹ بھی سلا دیا جاتا ہے جس کی روک تھام کے لیے ریاست نے اپنا وہ کردار ادا نہیں کیا جو اس کی ذمہ داری بنتی ہے افسوس کا مقام تو یہ ہے کہ حکومتی سطح پر بھی نا صرف ڈرایادھمکایا جاتا ہے بلکہ حکومتی اداروں اور حکومت کے خلاف خبروں کی اشاعت پر انہیں ان کے اداروں سے بھی نکلوایا جانا اب معمول کی بات بن کے رہ گئی ہے اب تو حکومتی وزراء تک کھلے عام صحافیوں کو دھمکیاں دیتے نظر اتے ہیں جس کی تازہ مثال پچھلے دنوں وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی پریس کانفرنس سے قبل پنجاب کی وزیر اطلاعات کی جانب سے صحافیوں کو یہ دھمکی دی گئی کہ کوئی وزیر اعلیٰ سے الٹا سیدھا سوال نہیں کرے گا اگر کسی نے ایسا کیا تو اپنی نوکری کا وہ خود ذمہ دار ہوگا یہ ایسی دھمکی تھی جس کی ہر سطح پر نہ صرف مذمت کی گئی بلکہ وزیر کے خلاف کارروائی کا بھی مطالبہ کیا گیا لیکن چند روز آواز اٹھی اور خاموشی طاری ہو گئی پاکستان میں کوئی ایسا شخص نہیں جو خود کو محفوظ سمجھتا ہو کسی کی جان و مال محفوظ نہیں ہر طرف اندھیرے کے بادل چھائے ہوئے ہیں کہیں سے امید کی کرن نظر نہیں آتی اللہ ملک ملک وقوم اور صحافیوں کا حامی و ناصر ہو۔