* عوام کی جان و مال کا تحفظ پہلی ذمہ داری ہے، حلف سے وفاداری کرنے والے افسران و اہلکاروں کو سراہنے کا عمل جاری رہے گا۔ آئی جی پی ذوالفقار حمید پشاور (سید گوہر شاہ )
* عوام کی جان و مال کا تحفظ پہلی ذمہ داری ہے، حلف سے وفاداری کرنے والے افسران و اہلکاروں کو سراہنے کا عمل جاری رہے گا۔ آئی جی پی ذوالفقار حمید
پشاور (سید گوہر شاہ )
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے آج سینٹرل پولیس آفس پشاور میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران پشاور، بنوں اور ملاکنڈ ریجنز کے پولیس افسران اور اہلکاران کو دہشت گردوں، ٹارگٹ کلرز اور راہزنوں کے خلاف مختلف کارروائیوں میں غیر معمولی جرات و بہادری کا مظاہرہ کرنے پر نقد انعامات اور توصیفی اسناد سے نوازا۔
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا پولیس کے مختلف ونگز کے افسران اور اہلکاران نے فتنہ الخوارج کے خلاف انٹیلی جنس کی بنیاد پر کیے جانے والے آپریشنز (IBOs) سمیت مختلف اہم کارروائیوں میں غیر معمولی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، فرض شناسی اور بہادری کا مظاہرہ کیا اور اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران مثالی کارکردگی کا عملی ثبوت دیا۔ بنوں پولیس کے افسران اور اہلکاروں پر مشتمل پولیس پارٹی نے بے مثال بہادری، پیشہ ورانہ مہارت اور فرض شناسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پولیس پوسٹ نالہ کاشو پر دہشت گردوں کے حملے کو کامیابی سے پسپا کیا اور ایک بڑے جانی و مالی نقصان سے بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ لوئر دیر پولیس نے تھانہ تلاش کے علاقے میں دہشت گردوں/عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن کے دوران غیر معمولی بہادری، فرض شناسی اور شاندار پیشہ ورانہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا تھا۔
اسی طرح جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے خیبر پختونخوا پولیس انٹیلی جنس ونگ نے جی آئی ایس (GIS) پر مبنی ایک خصوصی انٹیلی جنس سافٹ ویئر تیار کرکے اسے کامیابی سے فعال کیا، جو محکمہ پولیس کی انٹیلی جنس اور انسدادِ دہشت گردی کی صلاحیتوں کو مزید مو¿ثر اور مضبوط بنانے میں سنگ میل ثاتب ہوگا۔ یہ جدید سافٹ ویئر کمانڈ ڈیش بورڈز، جغرافیائی منظرکشی، دہشت گردی سے متعلق انٹیلی جنس تجزیے اور رپورٹنگ، واقعات و مقدمات کے انتظام، خطرات کی تشخیص و نگرانی اور دیگر اہم آپریشنل انٹیلی جنس ضروریات کے لیے ایک مربوط پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔ان نمایاں کامیابیوں اور قابلِ ستائش خدمات کے اعتراف میں متعلقہ پولیس افسران اور اہلکاران کو توصیفی اسناد کے ساتھ نقد انعامات سے نوازا گیا۔
اس موقع پر آئی جی پی ذوالفقار حمید نے انعامات حاصل کرنے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کی جرات و بہادری، فرض شناسی، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور ڈیوٹی سے غیر معمولی لگن کو سراہتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کو صوبے میں امن و امان کے قیام کے حوالے سے کئی چیلنجز درپیش ہیں، تاہم پولیس فورس پوری جرات، عزم اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ ان چیلنجز کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہی ہے اور دہشت گردوں کے خلاف مو¿ثر کارروائیوں میں مسلسل کامیابیاں حاصل کر رہی ہے۔آئی جی پی نے انعام یافتہ افسران اور اہلکاران کی کامیاب اور نتیجہ خیز کارروائیوں کو قابل تقلید قرار دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ آئندہ بھی اسی جذبے، دلیری، لگن اور دیانت داری کے ساتھ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور ملک و قوم کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
ایڈیشنل آئی جیز ہیڈ کوارٹرز، انویسٹی گیشن، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز اور پرنسپل اسٹاف آفیسر برائے آئی جی پی سمیت دیگر پولیس افسران نے بھی تقریب میں شرکت کی۔