November 20, 2026

*1945ء کے یالٹا معاہدے اور آج 2026ء کی دنیا کے درمیان فرق:* تحریر: منزہ کوثر بخاری ایڈووکیٹ ہائیکورٹ

IMG-20261120-WA0069

*1945ء کے یالٹا معاہدے اور آج 2026ء کی دنیا کے درمیان فرق:*
تحریر: منزہ کوثر بخاری
ایڈووکیٹ ہائیکورٹ
📱 03007834234
munazabukhariadv@gmail.com
1945ء کا یالٹا معاہدہ طاقتور کی لاٹھی کے اصول پر نافذ ہوا تھا۔ کیونکہ طاقت چند ہاتھوں میں مرتکز تھی۔ 2026ء میں طاقت بکھر چکی ہے۔ کچھ بڑے و درمیانے ممالک کے پاس، کچھ نجی کمپنیوں کے پاس اور کچھ بےقابو ٹیکنالوجی کے پاس۔ اسلئے اب کوئی بھی عالمی ادارہ/معاہدہ محض تین لیڈروں/دارالحکومتوں کے فیصلے دنیا پر نافذ نہیں ہو سکتا۔ خدا بننے کی کوشش نے سیارہ زمین کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے۔
قرآنِ مجید نے انسانی اعمال سے پیدا ہونے والے عالمی بگاڑ کو ایک جامع آیت میں سمیٹ دیا ہے:
*”ظَهَرَ الْفَسَادُ فِي الْبَرِّ وَالْبَحْرِ بِمَا كَسَبَتْ أَيْدِي النَّاسِ”* “خشکی اور سمندر میں فساد ظاہر ہو گیا، لوگوں کے اپنے ہاتھوں کی کمائی سے۔”
عجلت میں استعمال کی گئی آرٹیفیشل(سپر) انٹیلیجنس شاید آخری غلطی تھی۔ اب اگر انسانوں (عالمی رہنماؤں) نے مزید غلطیاں (جو کہ کریں گے) اسی عجلت میں کر لیں، تو کائنات کا ابتک معلوم ” آباد ” سیارہ زمین کا نظام ہی بگڑ جائے گا۔
اصول ہوتا ہے کہ پہلے اخلاق بناؤ، پھر قوانین بناؤ، پھر مصنوعی ذہانت(A-I) نافذ کرو۔ *دنیا نے لالچ میں نے الٹا کیا۔* پہلے A-I بنا لیا، پھر پیسہ کمایا اور ٹیکنالوجیکل عسکری برتری دوڑائی، یوں ابھی تک عالمی سطح پر مؤثر اور پابند قواعد وضع نہیں ہو سکے۔ موجودہ جدید عالمی جنگوں (جیسے کشمیر، یوکرین، فلسطین (غزہ) سوڈان اور یمن کے تنازعات) میں کلاؤڈ ڈرونز اور الگورتھمک ٹارگٹنگ سسٹمز نے جنگی حرکیات بدلیں، وہیں حکمت عملی سے استعمال نے کایا پلٹ دی۔ جہاں ماضی میں کسی ہدف کی جانچ پڑتال اور فیصلے مہینوں میں گھنٹے یا پورا دن لگتا تھا، وہاں اب خودکار نظام چند سیکنڈوں میں فیصلے کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ مئی 2025ء کے بحران (اسرائیل-امریکہ اور ایران جنگ) کے بعد خطے میں Non-Contact Warfare اور خودکار عسکری ٹیکنالوجیز کی دوڑ میں مزید تیزی آئی، جس سے جوہری و روایتی عدم توازن کے خطرات مزید گہرے ہوئے ہیں۔اگرچہ اقوامِ متحدہ کے تحت CCW (Convention on Certain Conventional Weapons) جیسے فورمز پر بات چیت جاری ہے اور درجنوں ممالک خودکار مہلک ہتھیاروں پر پابندی یا ضابطے چاہتے ہیں، لیکن حالیہ جنگوں میں ٹیکنالوجی کی رفتار عالمی ادارہ جاتی قانون سازی سے کہیں آگے نکل چکی ہے۔1945ء (یالٹا معاہدہ) میں جوہری ہتھیاروں کے ظہور کے بعد دنیا نے اجتماعی سلامتی اور کثیرالجہتی نگرانی کے ادارے قائم کیے، مگر آج ان ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے لیے کوئی جامع عالمی معاہدہ، مؤثر نفاذ کا نظام اور اخلاقی اتفاقِ رائے موجود نہیں ہے۔ اور سب سے بڑا فرق رفتار اور پھیلاؤ کا ہے۔ جوہری ہتھیار کے اثرات کا دائرہ اور نوعیت کسی حد تک معلوم اور محدود تھی۔ آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی رفتار اور نقل کا کوئی اندازہ نہیں ہی نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ بڑی طاقتیں (امریکہ چین روس) اب علاقوں کو بانٹ تو سکتیں ہیں لیکن فیصلے مسلط کرنے کی استطاعت نہیں رکھتیں۔ کیونکہ جب ٹیکنالوجی ہی قابو میں نہ ہو تو سیاسی بالادستی کیسے قائم ہو سکتی ہے۔ جب بنانے والے سائنسدان خود جدید ماڈلز کے رویوں(Control & Alignment) پر مکمل گرفت نہیں رکھتے تو کوئی بھی عالمی ادارہ عالمی معاہدہ تیکنیکی حادثات، خودکار سائبر حملوں یا غلط اندازوں (Miscalculation) کو نہیں روک پائیں گے۔ آرٹیفیشل سپر انٹیلیجنس لمحوں میں کروڑوں جھوٹ، ڈیپ فیکس اور خودکار فیصلے پھیلا سکتی ہے۔ حیاتیاتی خطرات سرحدوں اور ویزوں کے پابند نہیں ہوتے؛ ایک چھوٹی سی چنگاری دنوں میں کئی خطوں کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔ موسمیاتی اور جیو انجینئرنگ کے اثرات طویل عرصے تک جغرافیائی سرحدوں سے بالاتر ہو کر زراعت، پانی اور آبادیوں کو متاثر کر سکتے ہیں۔ “جب دنیا کے مادی وسائل اور ٹیکنالوجی کنٹرول سے باہر ہوں تو پھر مزید گہری تباہی کے لیے دنیا تیار رہے۔”
موجودہ عالمی کشیدگیوں، ماحولیاتی دباؤ اور ٹیکنالوجی کی تیز رفتاری کو دیکھتے ہوئے دنیا کو جن بڑے محاذوں کے خطرات کا سامنا ہے، ان میں یہ نمایاں ہیں: پانی کی کشمکش: گلیشیئرز کے پگھلاؤ، دریائی پانی کی تقسیم، خشک سالی اور بڑھتی ہوئی آبادی کے باعث پانی مستقبل کے بڑے تنازعات کا محور بن رہا ہے۔
خوراک اور زراعت کا بحران: موسمیاتی شدت، سپلائی چین میں رکاوٹیں اور فصلوں کی پیداوار میں اتار چڑھاؤ غذائی عدم تحفظ کو بڑھا رہے ہیں۔
سچ اور جھوٹ کی جنگ: جب AI سے تیار کردہ جھوٹ، جعلی شواہد اور گمراہ کن معلومات حقیقت سے ممتاز کرنا مشکل بنا دیں، تو معاشروں میں باہمی اعتماد اور فیصلہ سازی شدید متاثر ہوتی ہے۔ اصل سوال یہ ہے کہ کیا انسان اپنی بنائی ہوئی طاقتوں کو اخلاق، عدل اور ذمہ داری کے تابع رکھے گا، یا خود اپنی تخلیق کردہ رفتار اور طاقت کے رحم و کرم پر چھوڑ دے گا۔ طاقت اور کنٹرول کی بے لگام خواہش نے ہی انسان کو اس نازک موڑ پر لا کھڑا کیا ہے، جہاں صرف ٹیکنالوجی نہیں بلکہ اخلاق، شعور اور اجتماعی ذمہ داری ہی توازن بحال کر سکتی ہے۔
کرونا وباء(COVID-19) نے دکھا دیا کہ ایک خطے سے شروع ہونے والا حیاتیاتی بحران پوری دنیا کی معیشت، سماجی زندگی اور صحت کے نظام کو کیسے مفلوج کر سکتا ہے، جبکہ اس کے ماخذ پر عالمی شکوک و شبہات آج بھی موجود ہیں۔ ماہرینِ حیاتیاتی سلامتی (Biosecurity) مسلسل خبردار کر رہے ہیں کہ جدید AI ٹولز جینیاتی ڈیٹا اور حیاتیاتی تحقیق کی رکاوٹوں کو کم کر رہے ہیں۔ لیکن اگر کسی نے جان بوجھ کر ایسا حیاتیاتی ایجنٹ تیار کر لیا جو ہوا پانی خوراک میں تیزی سے پھیلے، کئی دن تک علامات ظاہر نہ ہوں اور اس کا فوری علاج نہ ہو، تو تباہی ناقابلِ تصور ہوگی۔ آرٹیفیشل انٹیلیجنس نے دماغ کو بگاڑا، اب بائیو ٹیکنالوجی جسم کو مزید بگاڑ دے گی۔ اور سب سے خطرناک بات یہ ہے کہ AI کو تو بند کیا جا سکتا ہے، سرور روکے جا سکتے ہیں؛ مگر ایک بار خودکار یا حیاتیاتی ایجنٹ ماحول میں پھیل جائے تو اسے روکنا بے حد مشکل (ناممکن) ہو جاتا ہے۔ اسی لیے سائنسدان کہتے ہیں۔ “ایک بار جین باہر آ گیا، تو اسے واپس بوتل میں نہیں ڈالا جا سکتا۔” مزید دو بڑے تجربات:جیسے سورج کی روشنی روکنا — Solar Radiation Management (SRM): عالمی درجہ حرارت میں اضافے اور موسمیاتی اہداف سے تجاوز کرنے کے خدشات کے پیشِ نظر Stratospheric Aerosol Injection (SAI) جیسے طریقوں پر بحث اور سرمایہ کاری تیزی سے بڑھ رہی ہے، جن کے تحت بالائی فضاء میں ذرات چھوڑ کر سورج کی روشنی کا کچھ حصہ واپس خلاء میں بھیجنے کا تصور پیش کیا جاتا ہے۔ تاہم اس کے سنگین مضمرات بھی سامنے آ رہے ہیں۔ حالیہ برسوں میں بعض نجی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کی دلچسپی اور غیر مجاز تجربات نے یہ سوال کھڑا کر دیا ہے کہ کل کو سیاروی درجہ حرارت کو متاثر کرنے کا اختیار چند اداروں یا طاقتور ممالک کے ہاتھ میں آ گیا تو کسی دوسرے خطے میں خشک سالی، مون سون کی خرابی، غذائی قلت شدید طوفان یا سیلاب پیدا ہو سکتے ہیں — اور ایسے ماحولیاتی نقصان کی جوابدہی طے کرنا تقریباً ناممکن ہوگا۔ کلاؤڈ سیڈنگ (مصنوعی بارش یا بارش روکنے کے طریقے) ماضی اور حال میں مختلف مقاصد کے لیے استعمال ہوتے رہے ہیں؛ جیسے 2008 کے اولمپکس کے دوران موسم کنٹرول کرنے کی کوششیں، ویتنام جنگ میں نقل و حرکت روکنے کے لیے بارش برسانے کی حکمتِ عملی، یا جدید دور میں خشک سالی سے نمٹنے کے لیے کلاؤڈ سیڈنگ۔ زرا تصور کیجیے کہ اگر یہی صلاحیت طویل المدت یا اسٹریٹجک دباؤ کے لیے استعمال ہونے لگے — مثلاً کسی خطے میں پانی اور بارش کے قدرتی توازن کو متاثر کیا جائے — تو بغیر روایتی جنگ کے معیشت اور زراعت تباہ ہو سکتی ہے۔ زمین کا موسم ایک جڑا ہوا نظام ہے؛ ایک حصے میں چھیڑ چھاڑ دوسرے خطے میں سیلاب، قحط یا شدید موسمی بگاڑ کا سبب بن سکتی ہے۔ اصل بحران تب جنم لے گا جب یہ قوتیں ایک دوسرے کے ساتھ جڑ جائیں گی۔