November 15, 2026

سکھر: سابق ایم این اے خورشید افغان کی گھر پر پولیس کارروائی، مبینہ تشدد اور بیٹے وبیٹی کو زبردستی لے جانے کے خلاف پریس کانفرنس، آبدیدہ ہوکر انصاف اور تحفظ فراہم کرنے اور بچوں کی بحفاظت واپسی کا مطالبہ

IMG-20261114-WA0134

سکھر: سابق ایم این اے خورشید افغان کی گھر پر پولیس کارروائی، مبینہ تشدد اور بیٹے وبیٹی کو زبردستی لے جانے کے خلاف پریس کانفرنس، آبدیدہ ہوکر انصاف اور تحفظ فراہم کرنے اور بچوں کی بحفاظت واپسی کا مطالبہ

سکھر (بیورورپورٹ) پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کی سابق رکن قومی اسمبلی اور سابق پارلیمانی سیکریٹری میڈم خورشید افغان نے اپنی بہن زیب افغان کے ہمراہ اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس نے ان کے گھر پر چڑھائی کرکے تشدد کیا اور ان کے زیرِ کفالت بیٹے اور بیٹی کو زبردستی گھر سے اٹھا کر تھانے منتقل کردیا۔ پریس کانفرنس کے دوران خورشید افغان اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے آبدیدہ ہوگئیں اور بے بسی کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے انصاف اور تحفظ فراہم کرنے کی اپیل کی۔خورشید افغان نے بتایا کہ ان کے بھتیجے پرنس آغا خان نے اپنے دونوں بچوں، شان اور لاریب، کو بچپن ہی سے ان کے حوالے کیا تھا۔ شان جب صرف 9 ماہ کا تھا جبکہ لاریب کی عمر اس وقت 3 ماہ تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ تقریباً 18 سال سے وہ اور ان کی بہن دونوں بچوں کی پرورش، تعلیم و تربیت اور تمام ضروریات کی ذمہ داری نبھاتی آرہی ہیں۔ بچوں کی والدہ نے انہیں جنم ضرور دیا، تاہم عملی طور پر ان کی پرورش ہم نے ماں کی طرح کی ہے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ جب انہوں نے اپنی ذاتی جائیداد بچوں کے نام منتقل کی تو اچانک ان کے والدین نے مداخلت شروع کردی اور جائیداد کے معاملے کو بنیاد بنا کر تنازع کھڑا کردیا۔ خورشید افغان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی تمام جائیداد کی واحد مالک ہیں اور اس حوالے سے قانونی کارروائی بھی کرچکی ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ سپریم کورٹ سے بھی اس معاملے پر رجوع کیا گیا ہے اور جائیداد سے متعلق عدالتی دستاویزات موجود ہیں۔واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے خورشید افغان نے کہا کہ دو روز قبل وہ اپنے گھر میں موجود تھیں کہ اچانک پولیس اہلکار خواتین اہلکاروں کے ہمراہ گھر میں داخل ہوگئے۔ ان کے بقول پولیس اہلکاروں نے شور شرابہ شروع کردیا اور گھر میں موجود شان کو کھینچتے ہوئے باہر لے آئے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پولیس اہلکاروں نے شان اور لاریب کے ساتھ سختی اور تشدد کا مظاہرہ کیا، انہیں گھسیٹتے ہوئے گھر سے باہر نکالا اور گلی میں لے جاکر پولیس موبائل کے ذریعے اے سیکشن تھانے منتقل کردیا۔میڈم خورشید افغان نے مزید الزام عائد کیا کہ کارروائی کے دوران انہیں اور ان کی بہن کو بھی دھکے دیے گئے اور جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جس کے باعث وہ شدید ذہنی اور جسمانی اذیت میں مبتلا ہیں۔ انہوں نے اپنے جسم پر تشدد کے مبینہ نشانات دکھاتے ہوئے کہا کہ پولیس کارروائی کے بعد وہ رات بھر سو نہیں سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گھر میں داخل ہوکر بچوں کو اس انداز میں لے جانا اور خواتین کے ساتھ مبینہ بدسلوکی کرنا انتہائی افسوسناک ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ بچوں کو گزشتہ 18 سال سے اپنے پاس رکھ کر ان کی پرورش کررہی ہیں اور کبھی ان کے والد کو بچوں سے ملنے سے نہیں روکا۔ ان کے مطابق اب جب بچے جوان ہوچکے ہیں اور اپنی مرضی سے رہنے کے قابل ہیں تو انہیں زبردستی لے جانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ خورشید افغان نے دعویٰ کیا کہ بچوں نے بھی ان کے ساتھ رہنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے اور وہ اپنے والدین کے پاس واپس جانے پر آمادہ نہیں ہیں۔سابق رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ انہوں نے اپنی حفاظت اور تحفظ کے لیے متعلقہ حکام اور پولیس کو درخواستیں بھی دی ہیں، تاہم ان کے بقول ان درخواستوں پر مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر ایک سابق رکن قومی اسمبلی اور پارلیمانی سیکریٹری کو اپنے ہی گھر میں تحفظ حاصل نہیں تو عام شہریوں کی داد رسی کیسے ہوگی؟ انہوں نے الزام لگایا کہ بااثر افراد اپنے اثر و رسوخ اور پیسے کے ذریعے پولیس کو استعمال کررہے ہیں۔خورشید افغان نے واضح کیا کہ ان کا اصل مطالبہ اپنے زیرِ پرورش بچوں کے تحفظ، ان کی مرضی اور قانونی حقوق کا احترام اور گھر پر مبینہ پولیس تشدد کی غیرجانبدارانہ تحقیقات ہیں۔ انہوں نے اعلیٰ پولیس حکام، حکومت سندھ اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ گھر پر پولیس کارروائی، مبینہ تشدد اور بچوں کو زبردستی تھانے منتقل کرنے کے واقعے کا نوٹس لیا جائے، ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے اور انہیں و ان کے زیرِ کفالت بچوں کو فوری تحفظ فراہم کیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنی جائیداد کے حوالے سے بھی قانونی مؤقف رکھتی ہیں اور اس معاملے کو قانون کے مطابق حل ہونا چاہیے۔ پریس کانفرنس کے اختتام پر خورشید افغان نے آبدیدہ ہوکر کہا کہ ان کے لیے یہ دونوں بچے صرف رشتہ دار نہیں بلکہ ان کی زندگی اور 18 سالہ محنت کا سرمایہ ہیں، وہ انہیں اپنی اولاد کی طرح سمجھتی ہیں اور ان سے جدائی کا تصور بھی ان کے لیے انتہائی تکلیف دہ ہے۔مگر پولیس نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو ہوا میں اڑاتے ہوئے بچوں کو زبردستی گھر سے اٹھانا کہاں کا انصاف ہے۔