November 14, 2026

بہاولنگر میں صحت کے شعبے میں اہم پیش رفت، کارڈیک وارڈ کے قیام کا سنگ بنیاد، مفت میت منتقلی سروس کا افتتاح، ڈپٹی کمشنر سید محمد عباس شاہ اور ایم پی اے غلام مرتضیٰ کی ہسپتال آمد

IMG-20261113-WA0082

بہاولنگر میں صحت کے شعبے میں اہم پیش رفت، کارڈیک وارڈ کے قیام کا سنگ بنیاد، مفت میت منتقلی سروس کا افتتاح، ڈپٹی کمشنر سید محمد عباس شاہ اور ایم پی اے غلام مرتضیٰ کی ہسپتال آمد

بہاولنگر ( ) ڈپٹی کمشنر بہاولنگر سید محمد عباس شاہ نے رکن صوبائی اسمبلی غلام مرتضیٰ کے ہمراہ تحصیل ہارون آباد کا دورہ کیا، جہاں تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال میں کارڈیک وارڈ کے قیام کے حوالے سے منعقدہ سیمینار میں شرکت کی اور کارڈیک وارڈ کے قیام کے سلسلے میں سنگ بنیاد کی تقریب میں حصہ لیا۔ اس موقع پر ریسکیو سروس کے تحت ہسپتال سے میت کو گھر منتقل کرنے کی مفت سروس کا بھی افتتاح کیا گیا۔
کارڈیک وارڈ کے قیام کا مقصد ہارون آباد اور گردونواح کے عوام کو دل کے امراض سے متعلق طبی سہولیات مقامی سطح پر فراہم کرنے میں مدد دینا ہے تاکہ مریضوں کو علاج معالجے کے لیے بڑے شہروں کا رخ کرنے کی ضرورت کم ہو اور انہیں اپنے علاقے میں بہتر طبی سہولیات میسر آ سکیں۔
اس موقع پر منعقدہ سیمینار میں صحت کے شعبے میں بہتری، دل کے امراض کی بروقت تشخیص اور مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔ تقریب میں متعلقہ محکموں کے افسران، ڈاکٹرز، سیاسی و سماجی شخصیات اور دیگر معززین نے شرکت کی۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر سید محمد عباس شاہ اور رکن صوبائی اسمبلی غلام مرتضیٰ نے ریسکیو سروس کے تحت ہسپتال سے وفات پانے والے افراد کی میتیں ان کے گھروں تک مفت منتقل کرنے کی سہولت کا افتتاح کیا۔ یہ اقدام وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات اور عوامی خدمت کے وژن کے مطابق شروع کیا گیا ہے، جس کا مقصد مشکل اور غم کی گھڑی میں سوگوار خاندانوں کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوام کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنا اور مشکل وقت میں ان کے لیے آسانیاں پیدا کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ کارڈیک وارڈ کا قیام اور مفت میت منتقلی سروس جیسے اقدامات عوامی فلاح و بہبود کے لیے اہمیت کے حامل ہیں۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر اور ایم پی اے نے ہسپتال کے مختلف وارڈز کا تفصیلی معائنہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات، صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ہسپتال میں مریضوں کو علاج معالجے کی معیاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور انتظامی امور کو مزید بہتر بنایا جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق عوامی فلاح و بہبود، صحت کی سہولیات میں بہتری اور سرکاری اداروں کی کارکردگی کو مؤثر بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔