میلسی میں آئس نشے کا خطرناک پھیلاؤ، نوجوان نسل تباہی کے دہانے پر، والدین شدید پریشان!
میلسی میں آئس نشے کا خطرناک پھیلاؤ، نوجوان نسل تباہی کے دہانے پر، والدین شدید پریشان!
میلسی(محمدمختارسولگی) شہر اور نواحی علاقوں میں مبینہ طور پر آئس (کرسٹل میتھ) کی فروخت اور استعمال میں اضافے نے شہریوں میں شدید تشویش پیدا کر دی ہے۔ منشیات فروشوں کے ہاتھوں نوجوان نسل کا مستقبل داؤ پر لگنے لگا، جبکہ والدین اپنی اولاد کو اس خطرناک نشے سے بچانے کے لیے پریشان ہیں۔
تفصیلات کے مطابق میلسی اور گردونواح کے علاقوں کرم پور، حسن شاہ، پیر شاہ، دھلو، بلند پور، سرگانہ، شتاب گڑھ، بستی سحر، چھتانیاں اور عالم پور سمیت متعدد علاقوں میں آئس کے استعمال اور مبینہ فروخت کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق اس نشے کی لت میں مبتلا نوجوان نہ صرف اپنی جمع پونجی ختم کر رہے ہیں بلکہ بعض گھروں میں چوری، گھریلو سامان فروخت کرنے اور اہل خانہ سے بدسلوکی جیسے واقعات بھی سامنے آنے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔ آئس کے استعمال سے ذہنی و جسمانی صحت متاثر ہونے کے ساتھ گھریلو زندگی بھی شدید متاثر ہو رہی ہے۔
عوامی و سماجی حلقوں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ منشیات فروشوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے، مبینہ سرپرستوں اور سہولت کاروں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور نوجوان نسل کو اس لعنت سے بچانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
پولیس ترجمان کے مطابق منشیات فروشوں کے خلاف چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ منشیات فروشوں کے بارے میں اطلاع دیں، اطلاع دینے والوں کے نام صیغۂ راز میں رکھے جائیں گے۔