ستھرا پنجاب لیبر یونین کا اہم اجلاس، ورکرز کے مسائل اور فلاح و بہبود پر تفصیلی گفتگو
ستھرا پنجاب لیبر یونین کا اہم اجلاس، ورکرز کے مسائل اور فلاح و بہبود پر تفصیلی گفتگو
تنخواہوں میں تاخیر اور کٹوتیوں پر تشویش، شہید ورکر کے لواحقین کو معاوضہ نہ ملنے پر شدید احتجاج۔
لاہور(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق مسلم لیگ ہاؤس میں ستھرا پنجاب لیبر یونین کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ریلوے اور دیگر شعبوں کے ورکرز کے مسائل پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔اجلاس کی صدارت محمد اشرف چوہدری (جنرل سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ ق لیبر ونگ پنجاب، چیف آرگنائزر ستھرا پنجاب لیبر یونین پنجاب)، چوہدری دلاور جٹ صدر ستھرا پنجاب لیبر یونین اور جنرل سیکرٹری ملک ندیم اشرف (ستھرا پنجاب لیبر یونین) نے مشترکہ طور پر کی۔ اس موقع پر انچارج مسلم لیگ ہاؤس راجہ شہزاد اختر اور صدر پاکستان مسلم لیگ مینارٹی ونگ پنجاب پرویز مائیکل، جنرل سیکرٹری مینارٹی ونگ پنجاب بھی موجود تھے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ لیبر ونگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری محمد اشرف چوہدری نے کہا کہ ہم ستھرا پنجاب لیبر یونین کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، اور ورکرز کے مسائل کے حل کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ موجودہ دور میں سب سے بڑا مسئلہ ورکرز کی تنخواہیں وقت پر نہ آنا اور بغیر کسی وجہ کے تنخواہوں میں کٹوتی کرنا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سال 2026-27 کے بجٹ میں جو مراعات دی گئی ہیں، انہیں ریلوے کے گریڈ 1 سے 5 کے ملازمین تک بھی شامل کیا جائے۔اجلاس میں دینہ شہر سے تعلق رکھنے والے ستھرا پنجاب کے ورکر محمد صدیق ولد محمد خان کا خاص طور پر ذکر کیا گیا، جو دورانِ ڈیوٹی ٹرین حادثے میں شہید ہو گئے تھے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ محمد صدیق ولد محمد خان کے لواحقین کو نہ تو ریلوے انتظامیہ نے کوئی معاوضہ ادا کیا اور نہ ہی حکومت کی طرف سے اس ورکر کی فیملی کو کوئی مالی مدد یا سپورٹ ملی۔مقررین کا کہنا تھا کہ ستھرا پنجاب کے اس بے یار و مددگار ورکر کا کوئی پرسانِ حال نہیں ہے، اور ستھرا پنجاب کے بیوروکریٹس صرف دکھاوے کے لیے ہیرو ہیں جبکہ اصل میں ان کی زندگی اور موت ایک جیسی ہو چکی ہے کیونکہ کوئی بھی ان کے لیے ریلیف پیکج کا اعلان نہیں کر رہا۔تاہم، اب مسلم لیگ ہاؤس لاہور میں اس دیرینہ مسئلے پر پیشرفت کی گئی ہے۔ حکومت کی لائف انشورنس پالیسیوں کے حوالے سے محمد اشرف چوہدری نے یہ بھی واضح کیا کہ جب تک ان کے مسائل حل نہیں ہوتے، ستھرا پنجاب لیبر یونین اور ستھرا پنجاب کے تمام ورکرز مل کر جدوجہد جاری رکھیں گے۔اس موقع پر صدر دلاور جٹ اور جنرل سیکرٹری ستھرا پنجاب لیبر یونین نے حکومت پنجاب سے پُرزور مطالبہ کیا کہ ہر ورکر کی بیمہ (انشورنس) پالیسی ہونی چاہیے، جس کا پریمیم حکومتِ پنجاب کو خود بھرنا چاہیے تاکہ کسی بھی حادثے کی صورت میں 10 دن کے اندر ورکر کے خاندان کو مالی امداد اور مکمل سپورٹ مل سکے۔