اگر اٹلی آنے والے غیر ملکیوں کے لیے اطالوی زبان سیکھنا ضروری ہے تو اٹلی کے شہریوں کو بھی دوسری قوموں کی زبانیں سیکھنے کی کوشش کرنی چاہیے۔معروف اطالوی صحافی
اگر اٹلی آنے والے غیر ملکیوں کے لیے اطالوی زبان سیکھنا ضروری ہے تو اٹلی کے شہریوں کو بھی دوسری قوموں کی زبانیں سیکھنے کی کوشش کرنی چاہیے۔معروف اطالوی صحافی
اگر مختلف زبانیں سیکھنے کی کوشش کی جائے تو مختلف قومیتوں اور ثقافتوں کے درمیان رابطہ بہتر ہو سکتا ہے۔پاولو میلی معروف اطالوی صحافی
روم(انٹرنیشنل ڈیسک)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق اٹلی میں تارکین وطن کے انضمام کے حوالے سے معروف اطالوی صحافی پاؤلو میلی کی ایک گفتگو نے نئی بحث چھیڑ دی ہے، جس میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ اگر اٹلی آنے والے غیر ملکیوں کے لیے اطالوی زبان سیکھنا ضروری ہے تو اٹلی کے شہریوں کو بھی دوسری قوموں کی زبانیں سیکھنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ یہ بات انہوں نے 23 ستمبر 2026 کو ٹی وی چینل لا سیٹّے کے پروگرام ’’اومنیبس‘‘ میں گفتگو کے دوران کہی، جس کی میزبانی جیراردو گریکو کر رہے تھے۔ گفتگو کے دوران میزبان نے کہا کہ اٹلی آنے والے تارکین وطن کی ذمہ داری ہے کہ وہ اطالوی زبان سیکھیں۔ اس پر پاؤلو میلی نے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات تو بالکل واضح ہے، لیکن ان کے خیال میں حقیقی انضمام صرف غیر ملکیوں کے اطالوی زبان سیکھنے سے مکمل نہیں ہوتا بلکہ اس کے لیے دونوں طرف سے کوشش ضروری ہے۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ انضمام کے لیے عربی زبان بھی روانی سے بولنا سیکھنا چاہیے۔ جب میزبان نے جواب دیا کہ انہیں عربی نہیں آتی تو میلی نے کہا کہ پھر اسے سیکھیں اور اس کے لیے اسکول جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر مختلف زبانیں سیکھنے کی کوشش کی جائے تو مختلف قومیتوں اور ثقافتوں کے درمیان رابطہ بہتر ہو سکتا ہے، ایک دوسرے کو سمجھنے میں آسانی پیدا ہوتی ہے اور معاشرتی فاصلے کم کیے جا سکتے ہیں۔ تاہم ان کے اس مؤقف پر اختلاف بھی پایا جاتا ہے۔ ایک حلقے کے مطابق انضمام ایک دوطرفہ عمل ہے اور میزبان معاشرے کو بھی دوسری ثقافتوں اور زبانوں کو سمجھنے کی کوشش کرنی چاہیے، جبکہ دوسرے حلقے کا خیال ہے کہ جو غیر ملکی مستقل طور پر اٹلی میں رہنے کا فیصلہ کرتے ہیں، ان کے لیے اطالوی زبان سیکھنا بنیادی ضرورت ہے، کیونکہ ملازمت، تعلیم، سرکاری معاملات اور معاشرتی زندگی میں شرکت کے لیے اطالوی زبان پر عبور انتہائی اہم ہے۔ اس گفتگو نے اٹلی میں ایک اہم سوال کو دوبارہ موضوعِ بحث بنا دیا ہے کہ کیا انضمام کی تمام تر ذمہ داری صرف اٹلی آنے والے غیر ملکیوں پر عائد ہوتی ہے یا اس معاشرے کو بھی آگے بڑھ کر دوسری قوموں کو سمجھنے اور ان کے ساتھ رابطہ قائم کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔