اٹلی کے اسکولوں میں بم کی دھمکیوں پر وزیراعظم جورجیا میلونی کا اہم بیان، شہریوں کو پُرسکون رہنے کی یقین دہانی
اٹلی کے اسکولوں میں بم کی دھمکیوں پر وزیراعظم جورجیا میلونی کا اہم بیان، شہریوں کو پُرسکون رہنے کی یقین دہانی
قانون نافذ کرنے والے ادارے اور متعلقہ حکام ہر سطح پر صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں تا کہ شہریوں اور بالخصوص بچوں کے والدین میں پائی جانے والی تشویش کو دور کیا جا سکے۔وزیراعظم جورجیا میلونی
روم (انٹرنیشنل ڈیسک)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق اٹلی کے مختلف اسکولوں میں بم کی موجودگی سے متعلق موصول ہونے والی متعدد اطلاعات کے بعد وزیراعظم جورجیا میلونی نے صورتحال کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ان واقعات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور شہریوں، والدین، طلبہ اور تعلیمی اداروں کے عملے کے تحفظ کے لیے تمام متعلقہ ادارے متحرک ہیں۔وزیراعظم جورجیا میلونی نے اپنے بیان میں کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اور متعلقہ حکام ہر سطح پر صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں تاکہ شہریوں اور بالخصوص بچوں کے والدین میں پائی جانے والی تشویش کو دور کیا جا سکے۔انہوں نے واضح کیا کہ اب تک کی تحقیقات میں ایسے کوئی شواہد سامنے نہیں آئے جن سے کسی حقیقی اور مسلسل خطرے کی موجودگی ثابت ہوتی ہو۔وزیراعظم کے مطابق ابتدائی اطلاعات سے بظاہر یہ تاثر ملتا ہے کہ بم کی دھمکیوں کا مقصد عوام میں خوف و ہراس اور بے چینی پیدا کرنا ہو سکتا ہے۔ تاہم اس حوالے سے تمام ضروری تحقیقات جاری ہیں تاکہ ان واقعات کے پس پردہ حقائق سامنے لائے جا سکیں۔جورجیا میلونی نے مزید بتایا کہ انہوں نے صورتحال کا تفصیلی جائزہ لینے اور آئندہ اقدامات کو مربوط بنانے کے لیے وزیراعظم ہاؤس پالاتسو کیجی (Palazzo Chigi) میں ایک اہم اجلاس طلب کیا ہے۔اس اجلاس کا مقصد متعلقہ اداروں کے درمیان رابطوں کو مزید مؤثر بنانا، صورتحال کا جائزہ لینا اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات پر غور کرنا ہے۔
وزیراعظم کے بیان سے واضح ہوتا ہے کہ اطالوی حکومت اسکولوں کی سیکیورٹی اور عوام کے تحفظ کے معاملے کو سنجیدگی سے لے رہی ہے، جبکہ تحقیقاتی ادارے بم کی دھمکیوں کی حقیقت اور ان کے ممکنہ محرکات معلوم کرنے میں مصروف ہیں۔حکومت نے اپنے بیان میں اس بات پر زور دیا ہے کہ فی الحال تحقیقات میں کسی مستقل اور حقیقی خطرے کے شواہد سامنے نہیں آئے، تاہم صورتحال کی نگرانی اور تحقیقات جاری رہیں گی۔