اٹلی میں آج صبح ایک نامعلوم ای میل کے ذریعے ملک بھر کے اسکولوں کو دھمکی دی گئی۔
اٹلی میں آج صبح ایک نامعلوم ای میل کے ذریعے ملک بھر کے اسکولوں کو دھمکی دی گئی۔
جس میں لکھا تھا کہ ہم تمہیں تباہ کر دیں گے،اس دھمکی آمیز پیغام کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں اسکولوں کو احتیاطی طور پر خالی کرا لیا گیا اور طلبہ، اساتذہ سمیت تمام عملے کو عمارتوں سے باہر نکال دیا گیا۔
سیسلی(انٹرنیشنل ڈیسک)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق اٹلی میں آج صبح ایک نامعلوم ای میل کے ذریعے ملک بھر کے اسکولوں کو دھمکی دی گئی، جس میں لکھا تھا کہ ’’ہم تمہیں تباہ کر دیں گے‘‘۔ اس دھمکی آمیز پیغام کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں اسکولوں کو احتیاطی طور پر خالی کرا لیا گیا اور طلبہ، اساتذہ سمیت تمام عملے کو عمارتوں سے باہر نکال دیا گیا۔ پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں نے اسکولوں کی تلاشی اور حفاظتی جانچ شروع کر دی۔ وزیر تعلیم جوزیپے والدی تارا نے ٹی وی پروگرام کے دوران بتایا کہ اب تک تقریباً 300 اسکول اس واقعے سے متاثر ہوئے ہیں اور یہ تعداد مزید بڑھ سکتی ہے۔ ان کے مطابق اس نوعیت کے واقعات اس سے پہلے ہوائی جہازوں، سپر مارکیٹوں اور حتیٰ کہ اسپتالوں کو بھی نشانہ بنا چکے ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کسی منظم حکمت عملی کے تحت خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ تاہم وزیر تعلیم نے عوام سے اپیل کی کہ وہ گھبرائیں نہیں، کیونکہ ابتدائی جائزے کے مطابق اس ای میل میں کسی حقیقی حملے کا خطرہ تقریباً نہ ہونے کے برابر ہے اور غالب امکان ہے کہ یہ ایک سائبر حملہ ہے، نہ کہ کسی حقیقی بم یا جانی نقصان کی دھمکی۔ طلبہ تنظیم کے مطابق صرف لازیو ریجن میں 50 سے زائد اسکول خالی کرائے گئے، جبکہ تورینو پولیس کو 25 سے زیادہ شکایات موصول ہوئیں اور وہاں کی سائبر کرائم پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ اسی طرح ناپولی، توریے انونسیاتا، کاسٹیلو دی چسٹرنا، ریتی، ویتربو اور میلان، واریزے اور بریشیا کے صوبوں میں بھی اسکولوں کو ایسے ہی انتباہی پیغامات موصول ہوئے۔ خبر رساں ادارے انسا کے مطابق صوبہ ریتی کے بعض اسکولوں کو بھیجی گئی ای میل کا پتا آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے ایک ای میل ایڈریس سے چلا ہے۔ وزیر دفاع گوئیدو کروسیٹو نے بھی اس واقعے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ واضح طور پر لوگوں میں دہشت پھیلانے کی حکمت عملی کا حصہ معلوم ہوتا ہے، کیونکہ کوئی بھی شخص کسی اسکول، بچوں کے ادارے یا فضائی کمپنی کو ایسی ای میل بھیج کر بم کی موجودگی کا جھوٹا دعویٰ کر سکتا ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ چند روز قبل بھی ملک کے تقریباً 280 اسکول سربراہان کو اسی نوعیت کا دھمکی آمیز پیغام بھیجا گیا تھا۔ تازہ واقعات کی سنگینی کے پیش نظر وزیر اعظم جورجا میلونی نے آج شام چار بجے روم میں واقع پالازو چیجی میں ایک اعلیٰ سطحی ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے، جس میں نائب وزیر اعظم ماتّیو سالوینی، وزیر خارجہ انتونیو تاجانی، وزیر داخلہ ماتّیو پیا نتی دوزی، وزیر دفاع کروسیٹو، حکومتی عہدیداروں اور ملک کے خفیہ اداروں سمیت سائبر سیکیورٹی ایجنسی کے اعلیٰ حکام شرکت کریں گے۔ اجلاس میں ان دھمکیوں کے پیچھے موجود افراد اور ممکنہ منظم نیٹ ورک کا سراغ لگانے کے لیے اقدامات پر غور کیا جائے گا۔