November 3, 2026

محنت کبھی رائیگاں نہیں جاتی؛ ایک مزدور کے بیٹے نے ڈاکٹر بن کر تاریخ رقم کر دی

IMG-20261103-WA0235

محنت کبھی رائیگاں نہیں جاتی؛ ایک مزدور کے بیٹے نے ڈاکٹر بن کر تاریخ رقم کر دی
غربت راستے کی رکاوٹ ضرور بن سکتی ہے، لیکن اگر انسان کے دل میں کچھ بننے کا عزم، آنکھوں میں خواب اور قدموں میں محنت ہو تو کوئی مشکل اس کی منزل کا راستہ نہیں روک سکتی۔
سندھ کے شہر سامارو سے تعلق رکھنے والے لوہار برادری کے محنت کش دیون کمار لوہار کے بیٹے امیت کمار لوہار نے اپنی انتھک محنت، مسلسل جدوجہد اور تعلیمی قابلیت سے ایک نئی تاریخ رقم کر دی۔ امیت کمار میرٹ پر ایم بی بی ایس میں داخلے کے لیے منتخب ہو گئے ہیں۔ عمرکوٹ ضلع کی میرٹ لسٹ میں ان کا 17واں نمبر ہے۔
یہ کامیابی محض ایک طالب علم کے ڈاکٹر بننے کا اعزاز نہیں بلکہ ایک محنت کش خاندان کے برسوں کے خواب، قربانیوں اور جدوجہد کی جیت ہے۔ امیت کمار نے ثابت کر دیا کہ کامیابی کسی امیر گھرانے کی میراث نہیں، بلکہ محنت، قابلیت اور مستقل مزاجی کا نتیجہ ہوتی ہے۔
ان کے والد دیون کمار لوہار خود بھی اپنے زمانے کے ذہین طالب علم رہے، لیکن حالات کی سختیوں اور معاشی مجبوریوں نے انہیں اپنے ڈاکٹر بننے کے خواب کی تکمیل سے محروم رکھا۔ تاہم انہوں نے اپنے خوابوں کو ختم نہیں ہونے دیا بلکہ اپنے بچوں کی تعلیم کو اپنی زندگی کا مقصد بنا لیا۔ آج ان کے بیٹے امیت کمار نے ایم بی بی ایس میں میرٹ پر منتخب ہو کر والد کا ادھورا خواب حقیقت میں بدل دیا ہے۔
یہ خاندان کی تعلیمی جدوجہد کی ایک خوبصورت مثال ہے۔ امیت کے بڑے بھائی خوشحال داس لوہار نے انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کی، ان کی بہن بی ایس نرسنگ کے بعد جونیئر سائنس ٹیچر کے امتحان میں کامیاب ہوئیں، جبکہ ایک اور بیٹی زرعی یونیورسٹی کے شعبہ انگریزی میں زیرِ تعلیم ہیں۔
یہ سب کچھ اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر والدین اپنے بچوں کی تعلیم کے لیے پُرعزم ہوں تو غربت بھی ان کے راستے کی آخری دیوار نہیں بن سکتی۔
امیت کمار لوہار کی کامیابی ان تمام غریب اور محنت کش خاندانوں کے بچوں کے لیے امید کا پیغام ہے جو محدود وسائل کے باوجود بڑے خواب دیکھتے ہیں۔
آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہمارے معاشرے میں ایسے ہونہار نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی جائے، ان کی صلاحیتوں کو تسلیم کیا جائے اور انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جائیں۔ کیونکہ قوموں کی ترقی بڑے عہدوں اور دولت سے نہیں بلکہ تعلیم یافتہ، باصلاحیت اور باکردار نوجوانوں سے ہوتی ہے۔
ہم اپنے پیارے دوست دیون کمار لوہار اور ان کے پورے خاندان کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتے ہیں اور امیت کمار لوہار کے روشن مستقبل کے لیے دعاگو ہیں۔
سلام ہے اس باپ کی محنت کو، جس نے اپنی محرومیوں کو اپنے بچوں کی کامیابی میں بدل دیا، اور سلام ہے اس بیٹے کی محنت کو جس نے ثابت کر دیا کہ خواب دیکھنے والے اگر ہمت نہ ہاریں تو ایک دن کامیابی خود ان کے قدم چومتی ہے۔
یاد رکھیے! غربت انسان کی پہچان نہیں، اس کی محنت اور کامیابی اس کی اصل پہچان ہے۔
تحریر: ڈاکٹر ایم لال واگھانی سیکریٹری جنرل صوبہ سندھ مینارٹی ونگ و فوکل پرسن جینیوا انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ جنیوا پاکستان
عمرکوٹ، سندھ