November 3, 2026

سرگودھا (راجہ نورالٰہی عاطف سے) ریجنل پولیس آفیسر سرگودھا سہیل اختر سکھیرا نے پولیس افسران

IMG-20261103-WA0253

سرگودھا (راجہ نورالٰہی عاطف سے) ریجنل پولیس آفیسر سرگودھا سہیل اختر سکھیرا نے پولیس افسران اور جوانوں کی فلاح و بہبود اور ان کے بچوں کے روشن مستقبل کے لیے ایک اہم اقدام اٹھاتے ہوئے سپیریئر کالج اور کمپری ہینسو سکول سسٹم کے ساتھ تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے معاہدوں پر دستخط کر دیے۔
معاہدے کے تحت شہدائے پولیس کے بچوں کو مفت تعلیم فراہم کی جائے گی، دورانِ سروس وفات پانے والے پولیس ملازمین کے بچے 75 فیصد رعایت کے مستحق ہوں گے، جبکہ حاضر سروس اور ریٹائرڈ پولیس ملازمین کے بچے 50 فیصد رعایتی فیس پر تعلیم حاصل کر سکیں گے۔
اس موقع پر سرگودھا بزنس الائنس کے صدر امجد محمود بھٹی نے کمپری ہینسو سکول سسٹم کی جانب سے جبکہ بزنس الائنس کے نائب صدر اکرام اللہ وڑائچ نے سپیریئر کالج کی جانب سے معاہدوں پر دستخط کیے۔
آر پی او سہیل اختر سکھیرا نے اس موقع پر کہا کہ ان معاہدوں کا بنیادی مقصد پولیس ملازمین کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانا اور ان کے بچوں کو معیاری تعلیمی سہولیات فراہم کرکے ان کا مستقبل روشن بنانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس ملازمین کی فلاح و بہبود کو مدنظر رکھتے ہوئے مستقبل میں دیگر تعلیمی اور فلاحی اداروں کے ساتھ بھی ایسے معاہدے کیے جائیں گے تاکہ پولیس فورس کے افسران اور جوانوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔