November 3, 2026

سرگودھا (راجہ نورالہی عاطف سے) کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے ڈپٹی کمشنر خوشاب

IMG-20261103-WA0245

سرگودھا (راجہ نورالہی عاطف سے) کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے ڈپٹی کمشنر خوشاب ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر کے ہمراہ جوہرآباد۔مظفرگڑھ روڈ پر واقع چک نمبر 14/53 ایم بی ماڈل ویلج کا دورہ کیا اور وزیراعلیٰ پنجاب کے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی ستھرائی کے انتظامات، ویسٹ مینجمنٹ اور متعلقہ عملے کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز ذریاب ساجد اور تحصیل منیجر علی شہریار نے کمشنر سرگودھا ڈویژن کو صفائی ستھرائی کے انتظامات اور ستھرا پنجاب پروگرام پر عملدرآمد کے حوالے سے بریفنگ دی۔ کمشنر حافظ شوکت علی نے موقع پر صفائی کے ناقص انتظامات پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ تحصیل منیجر کی سخت سرزنش کی۔کمشنر حافظ شوکت علی نے ڈپٹی کمشنر خوشاب اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز کو ہدایت کی کہ خوشاب شہر کی مرکزی شاہراہوں، گلی محلوں، ماڈل ویلجز اور دیگر علاقوں میں گھر گھر سے کوڑا کرکٹ اور ویسٹ کی بروقت کلیکشن اور مناسب تلفی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ضلع خوشاب کی چاروں تحصیلوں میں صفائی ستھرائی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے اور مقررہ اہداف کا سو فیصد حصول یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ کمشنر سرگودھا ڈویژن نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا ستھرا پنجاب پروگرام ایک مثالی اور عوامی فلاح کا اہم منصوبہ ہے، جس کے ثمرات عوام تک پہنچانا متعلقہ اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ستھرا پنجاب پروگرام پر عملدرآمد میں کسی قسم کی غفلت، کوتاہی یا سستی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور صفائی کے انتظامات میں بہتری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے ڈپٹی کمشنر خوشاب کے سرکٹ ہاؤس اور ڈی پی ایس روڈ، بالمقابل وائلڈ لائف پارک جوہرآباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت اور تعمیراتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایکسیئن ہائی وے نے کمشنر سرگودھا ڈویژن کو جاری ترقیاتی کاموں کی پیش رفت اور مختلف منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ کمشنر حافظ شوکت علی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کی جائے اور تمام منصوبے مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں میں تعمیراتی میٹریل کے معیار، کوالٹی اور شفافیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے خوشاب کے محلہ اعظم آباد میں شوالہ ڈرین کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام نے انہیں شوالہ ڈرین کی حفاظتی دیواروں، ڈی سلٹنگ اور دیگر جاری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ دورے کے موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز ذریاب ساجد، اسسٹنٹ کمشنر خوشاب اُمت السلام، محکمہ ہائی وے اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔