خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے)اٹارنی جنرل آف پاکستان ملک منصور عثمان اعوان اور لاہور قلندر کے
خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے)اٹارنی جنرل آف پاکستان ملک منصور عثمان اعوان اور لاہور قلندر کے مالک عاطف رانا نے ضلع خوشاب کے دورے کے موقع پر میڈیا نمائندگان سے خصوصی گفتگو کی۔ اس موقع پر اے ڈی سی ایم ایس ذریاب ساجد سمیت ڈسٹرکٹ پریس کلب خوشاب و جوہرآباد کے میڈیا نمائندگان بھی موجود تھے۔ میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے اٹارنی جنرل آف پاکستان ملک منصور عثمان اعوان اور لاہور قلندر کے مالکان عاطف رانا اور ثمین رانا نے کہا کہ ضلع خوشاب کے نوجوانوں کو کرکٹ کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور ٹیلنٹ منوانے کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ لاہور قلندر کا ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ پروگرام کے لیے آن لائن رجسٹریشن آج رات سے شروع ہو جائے گی، جبکہ آئندہ دو روز کے دوران لاہور قلندر کی رجسٹریشن ٹیم ضلع خوشاب کی چاروں تحصیلوں میں پہنچے گی، جہاں نوجوان کھلاڑیوں کو رجسٹریشن کے حوالے سے سہولت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 21 نومبر کو لاہور قلندر کے کپتان شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف جوہرآباد سپورٹس کمپلیکس، میلہ گراؤنڈ جوہرآباد میں کھلاڑیوں کے ٹرائلز لیں گے۔ اس موقع پر نوجوان کرکٹرز کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور آگے بڑھنے کا موقع میسر آئے گا۔ اٹارنی جنرل آف پاکستان ملک منصور عثمان اعوان اور لاہور قلندر کے مالکان عاطف رانا اور ثمین رانا نے ضلع خوشاب کے نوجوانوں کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ وہ آج ہی سے ٹرائلز کی تیاری شروع کر دیں اور اس پروگرام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے کرکٹ کے میدان میں آگے بڑھ سکیں.