October 30, 2026

**میلسی میں سرکاری آٹے کا بحران شدت اختیار کرگیا، اوپن مارکیٹ میں آٹا مہنگا ہونے سے شہری پریشان*

Screenshot_2026-10-28_154339.244

**میلسی میں سرکاری آٹے کا بحران شدت اختیار کرگیا، اوپن مارکیٹ میں آٹا مہنگا ہونے سے شہری پریشان**

میلسی (محمدمختارسولگی) میلسی میں سرکاری آٹے کی عدم دستیابی کے باعث بحران شدت اختیار کرگیا، حکومت کی جانب سے رواں سال کے لیے مرتب کی گئی گندم پالیسی کے ثمرات عام شہریوں تک نہ پہنچ سکے، اوپن مارکیٹ میں آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے پہلے سے مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کی معاشی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا۔ محکمہ فوڈ کے مطابق میلسی کے سرکاری گوداموں میں گندم کا وافر ذخیرہ موجود ہے، تاہم اس گندم کی میلسی کی فلور ملز اور آٹا چکی مالکان کو فراہمی کے لیے کوئی مؤثر پالیسی موجود نہیں۔ دوسری جانب فلور ملز اپنی روزانہ آٹے کی مجموعی پیداوار کا صرف چھ فیصد سرکاری نرخوں پر فراہم کرنے کی پابند ہیں، جس کے تحت یومیہ تقریباً 50 سے 60 تھیلے آٹا دستیاب ہوتا ہے، جو میلسی کی تقریباً 12 لاکھ آبادی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ناکافی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف سرکاری گوداموں میں گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں تو دوسری طرف عوام مہنگے داموں آٹا خریدنے پر مجبور ہیں۔ شہری حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ میلسی میں سرکاری گندم کی فلور ملز اور آٹا چکی مالکان کو فراہمی کے لیے خصوصی پالیسی مرتب کی جائے اور سرکاری نرخوں پر آٹے کی وافر مقدار میں دستیابی یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ عام شہریوں کو ریلیف مل سکے۔