قصور سموگ کی آمد، شہریوں کی صحت کو خطرات لاحق؛ ضلعی انتظامیہ حکومتی قوانین پر عملدرآمد یقینی بنائے
قصور
سموگ کی آمد، شہریوں کی صحت کو خطرات لاحق؛ ضلعی انتظامیہ حکومتی قوانین پر عملدرآمد یقینی بنائے
تفصیلات کے مطابق قصور میں سموگ کے اثرات سامنے آنے کے ساتھ ہی شہریوں میں تشویش بڑھنے لگی ہے موسم کی تبدیلی اور فضائی آلودگی میں اضافے کے پیش نظر شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ سموگ کی روک تھام کے لیے پنجاب حکومت کی جانب سے جاری کردہ قوانین اور ایس او پیز پر فوری اور مؤثر عملدرآمد کروایا جائے
سموگ محض موسمی مسئلہ نہیں بلکہ انسانی صحت کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے۔ اس کے باعث بچوں، بزرگوں اور سانس و دمہ کے مریضوں کو خصوصی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو آنے والے دنوں میں فضائی آلودگی مزید پریشانی کا باعث بن سکتی ہے
پنجاب حکومت کے سموگ پریوینشن اینڈ کنٹرول رولز 2023 کے تحت فصلوں کی باقیات جلانے، کوڑا کرکٹ کو آگ لگانے، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں اور صنعتی آلودگی کی روک تھام کے لیے واضح اقدامات مقرر ہیں۔ اس سلسلے میں قصور کے محکمہ ماحولیات، ٹریفک پولیس، محکمہ زراعت اور میونسپل کمیٹی کو مشترکہ حکمت عملی کے تحت کارروائیاں تیز کرنے کی ضرورت ہے
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ دیہی علاقوں میں دھان کی باقیات جلانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے، بھٹہ خشت اور فیکٹریوں کی اچانک چیکنگ کی جائے اور زگ زیگ ٹیکنالوجی سمیت ماحولیاتی قوانین کی پابندی یقینی بنائی جائے۔ اسی طرح دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف چالان اور قانونی کارروائی، جبکہ شہر میں کوڑا اور پلاسٹک جلانے کے واقعات کی روک تھام بھی ضروری ہے
تعمیراتی منصوبوں اور سڑکوں پر گردوغبار کم کرنے کے لیے پانی کا چھڑکاؤ کیا جائے اور صفائی کے نظام کو بہتر بنایا جائے تاکہ فضا میں آلودگی کے پھیلاؤ کو کم کیا جا سکے
واضح رہے کہ 13 اکتوبر 2026 کو لاہور ڈویژن کے کمشنر کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں لاہور، قصور، ننکانہ صاحب اور شیخوپورہ کی انتظامیہ کو اینٹی سموگ اقدامات تیز کرنے اور خصوصی اسکواڈز فعال کرنے کی ہدایات دی گئی تھیں۔ اجلاس میں فصلوں کی باقیات اور کوڑا جلانے کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر بھی زور دیا گیا تھا
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر قصور، اسسٹنٹ کمشنرز اور محکمہ تحفظ ماحولیات سے اپیل کی ہے کہ ان ہدایات پر عملی طور پر عملدرآمد کروایا جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے شہری گرین پنجاب ایپ کے ذریعے بھی سموگ اور فضائی آلودگی سے متعلق شکایات درج کروا سکتے ہیں
رپورٹ غنی محمود قصوری
ڈویژنل بیورو چیف باغی ٹی وی
بیورو چیف دعا نیوز
کونسل ممبر ڈسٹرکٹ پریس کلب قصور
ممبر اتحاد میڈیا کونسل پاکستان
#قصوریات