کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن داؤد خان کی زیر صدارت ڈویژنل ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو کا اجلاس منعقد ہوا۔
کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن داؤد خان کی زیر صدارت ڈویژنل ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو کا اجلاس منعقد ہوا۔
ریفیوزل کیسز کو ویکسین کی اہمیت سے آگاہ کرنے کے لیے مؤثر رابطہ کاری اور آگاہی کے اقدامات کیے جائیں۔کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن داؤد خان
ڈیرہ اسماعیل خان(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن داؤد خان کی زیرِ صدارت ڈویژنل ٹاسک فورس برائے انسدادِ پولیو (ڈی ٹی ایف) کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں 2 سے 5 نومبر 2026ء تک جاری رہنے والی انسدادِ پولیو مہم (ایس این آئی ڈی) کی تیاریوں، گزشتہ مہم کی کارکردگی اور آئندہ مہم کو مؤثر بنانے کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران گزشتہ مہم کی خامیوں اور کمزوریوں کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے ان پر قابو پانے اور مہم کے اہداف کے حصول کے لیے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ رواں سال ملک میں پولیو کے مجموعی طور پر سات کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، جن میں سے پانچ خیبر پختونخوا میں سامنے آئے ہیں۔ مزید برآں، کئی ماہ کے وقفے کے بعد ماحولیاتی نمونہ بھی پولیو وائرس کے لیے مثبت آنے کے باعث انسدادِ پولیو مہم کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔کمشنر داؤد خان نے ہدایت کی کہ ریفیوزل کیسز کو ویکسین کی اہمیت سے آگاہ کرنے کے لیے مؤثر رابطہ کاری اور آگاہی کے اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے گزشتہ مہم میں سامنے آنے والی خامیوں کو دور کرنے، مائیکرو پلانز پر مؤثر عمل درآمد، ٹیموں کی نگرانی اور ہر بچے تک پولیو ویکسین کی رسائی یقینی بنانے پر زور دیا۔اجلاس میں ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ اسماعیل خان غلام مبشر میکن، محکمہ صحت کے افسران، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز، ڈبلیو ایچ او کے نمائندوں اور ہیلتھ کمیونیکیشن سپورٹ آفیسرز (ڈی ایچ سی ایس اوز) سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی جبکہ ڈپٹی کمشنرز جنوبی وزیرستان اپر، جنوبی وزیرستان لوئر اور ٹانک کے دفاتر کے نمائندوں نے بھی آن لائن شرکت کی۔ اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ مشترکہ کوششوں، مؤثر نگرانی اور عوامی تعاون کے ذریعے پولیو مہم کو کامیاب بنایا جائے گا۔کمشنر داؤد خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ انسدادِ پولیو مہم کے دوران تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے مہم کی مؤثر نگرانی، ویکسین کی سو فیصد کوریج اور ہر پانچ سال سے کم عمر بچے تک رسائی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے محکمہ پولیس کو ہدایت کی کہ پولیو ٹیموں اور مہم سے وابستہ عملے کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ ٹیمیں بلا خوف و خطر اپنی ذمہ داریاں انجام دے سکیں۔ اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر غلام مبشر میکن سمیت متعلقہ حکام نے مہم کے دوران سکیورٹی اور انتظامی امور میں باہمی رابطے اور تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔کمشنر داؤد خان نے والدین، علمائے کرام، عمائدینِ علاقہ اور معاشرے کے تمام طبقات سے اپیل کی کہ وہ انسدادِ پولیو مہم میں بھرپور تعاون کریں اور پانچ سال سے کم عمر اپنے تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیو ایک خطرناک اور لاعلاج مرض ہے جو بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے دوچار کر سکتا ہے، تاہم بروقت ویکسینیشن کے ذریعے اس سے بچاؤ ممکن ہے۔ والدین ہر مہم کے دوران اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں اور پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے ایک صحت مند اور پولیو سے پاک معاشرے کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں۔