October 28, 2026

روہڑی بائی پاس پر ایل پی جی باؤزر میں خوفناک دھماکہ، 2 افراد جاں بحق، 5 زخمی

IMG-20261028-WA0149

روہڑی بائی پاس پر ایل پی جی باؤزر میں خوفناک دھماکہ، 2 افراد جاں بحق، 5 زخمی
دھماکے سے ٹرک، پانچ ٹرالر اور دیگر گاڑیاں متاثر، باؤزر مکمل طور پر جل کر تباہ، زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا

سکھر (بیورورپورٹ) روہڑی بائی پاس پر الخادم پیٹرول پمپ کے قریب ایل پی جی سے بھرے باؤزر میں زوردار دھماکے کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق جبکہ پانچ افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔ دھماکے کے باعث قریب موجود ٹرک، پانچ ٹرالر اور دیگر گاڑیاں بھی آگ کی لپیٹ میں آگئیں، جبکہ ایل پی جی باؤزر مکمل طور پر جل کر تباہ ہوگیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔تفصیلات کے مطابق روہڑی موٹروے انٹرچینج کے قریب ایل پی جی سے بھرے باؤزر اور کنٹینر کے درمیان تصادم کے بعد باؤزر زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔ دھماکے کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ آگ نے قریبی گاڑیوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا اور جائے وقوعہ پر آگ کے بلند شعلے اٹھنے لگے۔ دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔حادثے میں دو افراد موقع پر ہی جھلس کر جاں بحق ہوگئے جبکہ پانچ افراد شدید زخمی ہوئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، موٹروے پولیس، ریسکیو 1122 اور ایدھی کی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو روہڑی تعلقہ اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں سے چار زخمیوں کی تشویش ناک حالت کے پیش نظر انہیں سول اسپتال سکھر منتقل کردیا گیا۔زخمیوں کی شناخت فدا حسین سکنہ کوٹ سبزل، عمر حیات سکنہ رحیم یار خان، محمد شاہد اور کامران ولد انور علی سکنہ فیصل آباد کے ناموں سے ہوئی ہے۔ جاں بحق افراد کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی، تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق ان کا تعلق ٹرک کے عملے سے ہونے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔دھماکے کے نتیجے میں ایل پی جی باؤزر، ٹرک، متعدد ٹرالر اور دیگر گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا، جبکہ کئی گاڑیاں جل کر تباہ ہوگئیں۔ پولیس اور متعلقہ اداروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر حادثے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں۔