October 28, 2026

قونصلیٹ جنرل آف پاکستان، بارسلونا میں یومِ سیاہ کشمیر کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد۔

IMG-20261028-WA0144

قونصلیٹ جنرل آف پاکستان، بارسلونا میں یومِ سیاہ کشمیر کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد۔

مسئلہ جموں کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قرارداوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہیے۔قونصل جنرل مراد علی وزیر

بارسلونا(انٹرنیشنل ڈیسک)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق قونصلیٹ جنرل آف پاکستان، بارسلونا میں 27 اکتوبر 2026 کو یومِ سیاہ کشمیر منایا گیا، جس کا مقصد بھارت کے غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرنا اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرنا تھا۔یہ دن 27 اکتوبر 1947 کی یاد میں منایا جاتا ہے، جب بھارتی افواج جموں و کشمیر میں داخل ہوئیں، جس کے نتیجے میں ایک طویل تنازع کا آغاز ہوا جو اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے باوجود آج تک حل طلب ہے۔تقریب میں کشمیری رہنماؤں، پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کے نمائندگان اور اسپین میں مقیم کمیونٹی کے دیگر افراد نے شرکت کی۔ شرکاء نے بھارت کے غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں کشمیری عوام کے خلاف جاری مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کی مشکلات کے خاتمے اور ان کے بنیادی حقوق، بالخصوص حقِ خودارادیت کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔تقریب کا آغاز جناب طارق محمود نے تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا۔ اس موقع پر صدرِ مملکت، وزیراعظم پاکستان اور نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ پاکستان کے خصوصی پیغامات بالترتیب قونصل جنرل جناب مراد علی وزیر، جناب سجیل اقدس اور جناب محمد سرور نے پڑھ کر سنائے۔تقریب کے دوران ممتاز کشمیری رہنما اور حقِ خودارادیت کے علمبردار ڈاکٹر غلام نبی فائی کا خصوصی ویڈیو پیغام بھی دکھایا گیا۔ اس کے علاوہ مسئلہ کشمیر کے تاریخی پس منظر، کشمیری عوام کی طویل جدوجہد اور بھارت کے غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کو اجاگر کرنے والی ایک خصوصی دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل جناب مراد علی وزیر نے کشمیری عوام کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مسئلہ جموں و کشمیر کا حل اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہیے۔ انہوں نے عالمی برادری پر بھی زور دیا کہ وہ بھارت کے غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پر خصوصی توجہ دے اور اس دیرینہ تنازع کے منصفانہ اور پُرامن حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔قونصل جنرل نے مزید کہا کہ پاکستان بین الاقوامی فورمز پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا اور کشمیری عوام کے جائز حقوق کے حصول کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔اس موقع پر قونصلیٹ میں ایک خصوصی تصویری نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں کشمیر کی تاریخ، ثقافت، کشمیری عوام کی جدوجہد اور خطے میں انسانی حقوق کی صورتحال کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا۔ شرکاء نے تصویری نمائش کا دورہ کیا اور مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے قونصلیٹ کی کوششوں کو سراہا۔تقریب کے اختتام پر کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کے عزم کا اعادہ کیا گیا اور مسئلہ جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پُرامن حل کے لیے پاکستان کی مسلسل حمایت کا اظہار کیا گیا۔