سکھر بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی ۔ پورے ملک کی طرح ضلع سکھر میں بھی 27 اکتوبر
سکھر بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی
۔ پورے ملک کی طرح ضلع سکھر میں بھی 27 اکتوبر کو کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی، مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قبضے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت میں یوم سیاہ منایا گیا۔ اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ سکھر کی جانب سے ریلی نکالی گئی، جس میں مختلف سرکاری محکموں کے افسران، اساتذہ، طلباء، وکلاء، سیاسی و سماجی کارکنان، میڈیا کے نمائندوں اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلی میونسپل اسٹیڈیم سکھر سے شروع ہوئی، جو شہر کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی سکھر پریس کلب پہنچی۔ ریلی کی قیادت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون سکھر تنویر احمد، اسسٹنٹ کمشنر سٹی سکھر بشریٰ منصور اور ڈپٹی میئر سکھر ڈاکٹر ارشد مغل، ڈی او ایلمنٹری، سکینڈری و ہائیر سیکنڈری سید غلام مرتضیٰ شاہ سکھر اور دیگر نے کی۔ ریلی میں پولیس، رینجرز، سوشل ویلفیئر، انفارمیشن، صحت، سیپکو، لوکل گورنمنٹ اور ریسکیو 1122 سمیت مختلف اداروں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا کر کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کی حمایت میں نعرے بازی کی اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم، جبر اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرایا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون سکھر تنویر احمد، اسسٹنٹ کمشنر سٹی سکھر بشریٰ منصور اور ڈپٹی میئر سکھر ڈاکٹر ارشد مغل، ڈی او ایلمنٹری، سیکنڈری و ہائیر سیکنڈری سکھر سید غلام مرتضیٰ شاہ نے کہا کہ یوم سیاہ منانے کا مقصد کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کرنا، ان کے بنیادی حقوق کی حمایت کرنا اور عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال کی جانب مبذول کرانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کشمیری بہنوں اور بھائیوں کے حقوق اور ان کی جائز جدوجہد کی حمایت کرتی ہے۔ کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور ان کی خواہشات کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق ملنا چاہیے۔