سکھر(بیورورپورٹ سید نصیر حسین زیدی)کمشنر سکھر کی زیرِ صدارت ڈویژنل ٹاسک فورس کا اجلاس، پولیو مہم کے مائیکرو پلان پر مکمل عملدرآمد اور
سکھر(بیورورپورٹ سید نصیر حسین زیدی)کمشنر سکھر کی زیرِ صدارت ڈویژنل ٹاسک فورس کا اجلاس، پولیو مہم کے مائیکرو پلان پر مکمل عملدرآمد اور روزانہ کی بنیاد پر نگرانی یقینی بنانے کی ہدایات ہائی رسک یونین کونسلوں، نقل مکانی کرنے والے خاندانوں اور انکاری والدین پر خصوصی توجہ دی جائے: عابد سلیم قریشی
سکھر (ہ۔آ): کمشنر سکھر ڈویژن و چیئرمین ٹاسک فورس فار پولیو ایریڈیکیشن عابد سلیم قریشی کی زیرِ صدارت ڈویژنل ٹاسک فورس کا اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس سکھر کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوا، جس میں 2 سے 5 نومبر 2026ء تک جاری رہنے والی آئندہ سب نیشنل امیونائزیشن ڈیز (SNIDs) پولیو مہم کی تیاریوں، انتظامات اور حکمتِ عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پولیو مہم کی مؤثر نگرانی، مائیکرو پلان پر عملدرآمد، ٹیم ورک اور بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے عمل کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے اہم ہدایات جاری کی گئیں۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سکھر نادر شہزاد خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون تنویر احمد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو ماجد ماکو، اسسٹنٹ کمشنر نیو سکھر بشریٰ منصور، اسسٹنٹ کمشنر سٹی سکھر سارا فراز، مختلف اسسٹنٹ کمشنرز، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سکھر ڈاکٹر علی گل شاہ، پی پی ایچ آئی، عالمی ادارۂ صحت (WHO)، یونیسیف، محکمہ تعلیم، بلدیات، سماجی بہبود، محکمہ آبادی، محکمہ اطلاعات اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی، جبکہ ڈپٹی کمشنر گھوٹکی اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر گھوٹکی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس کے دوران ڈاکٹر جمیل نے پولیو مہم کی تیاریوں اور انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 2 سے 5 نومبر تک بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے لیے مائیکرو پلان تیار کر لیا گیا ہے، جس پر مکمل عملدرآمد، مقررہ اہداف کے حصول اور فیلڈ میں ٹیموں کی کارکردگی کی نگرانی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر سکھر عابد سلیم قریشی نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ قومی ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو مشترکہ کوششوں، ذمہ داری اور مکمل سنجیدگی کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پولیو مہم کے دوران غفلت، لاپرواہی یا فرائض کی ادائیگی میں کوتاہی کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ پولیو مہم کے مائیکرو پلان پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور بالخصوص ہائی رسک یونین کونسلوں، خانہ بدوش آبادیوں اور نقل مکانی کرکے آنے والے خاندانوں پر خصوصی توجہ دی جائے، تاکہ پانچ سال سے کم عمر کا کوئی بھی بچہ پولیو سے بچاؤ کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے سے انکار کرنے والے والدین کو قائل کرنے کے لیے یونین کونسلوں کے چیئرمینوں، اساتذہ، علاقے کے معززین اور سماجی رہنماؤں کا تعاون حاصل کیا جائے۔ انہوں نے سکھر اور گھوٹکی کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران کو ہدایت کی کہ پولیو مہم کے اعداد و شمار میں موجود فرق کا تفصیلی جائزہ لے کر اس کی وجوہات معلوم کی جائیں اور ڈیٹا کی درستگی کے ساتھ ساتھ فیلڈ میں مہم کی حقیقی کارکردگی کی تصدیق بھی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو پولیو ورکرز اور کمیونٹی موبلائزیشن افسران (CMOs) اپنی ذمہ داریاں مقررہ وقت اور معیار کے مطابق ادا نہیں کرتے، ان کے خلاف ضابطوں کے مطابق کارروائی کی جائے، جبکہ ضرورت پڑنے پر ان کی جگہ متبادل عملے کی خدمات حاصل کی جائیں۔ کمشنر سکھر نے سردی کے موسم میں کوئٹہ، کراچی سمیت دیگر علاقوں سے سکھر ڈویژن کی جانب نقل مکانی کرکے آنے والے خاندانوں کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے لیے خصوصی انتظامات کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے خاندانوں کی آمدورفت، عارضی رہائش اور موجودگی والے علاقوں کی نشاندہی کے لیے ایک مؤثر نظام تشکیل دیا جائے۔ بالخصوص ان علاقوں سے آنے والے خاندانوں کو ترجیح دی جائے جہاں پولیو وائرس کی موجودگی رپورٹ ہوئی ہے۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ یونین کونسلوں کے چیئرمینوں کے ساتھ اجلاس منعقد کریں اور انہیں اپنے اپنے علاقوں میں نئے آنے والے خاندانوں اور نئے آباد ہونے والے گھروں کی نشاندہی کرنے اور متعلقہ انتظامیہ کو بروقت اطلاع دینے کی ذمہ داری سونپیں، تاکہ ایسے خاندانوں کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے لیے فوری اقدامات کیے جا سکیں۔ کمشنر سکھر نے مزید ہدایت کی کہ پولیو ٹیموں کی سیکیورٹی کے لیے مناسب انتظامات کیے جائیں اور اسسٹنٹ کمشنرز فیلڈ میں پولیو مہم کی روزانہ کی بنیاد پر نگرانی کریں۔ انہوں نے زور دیا کہ تمام متعلقہ محکمے اپنی مقرر کردہ ذمہ داریوں پر عمل درآمد یقینی بنائیں اور مہم کے دوران پیش آنے والے مسائل کی فوری نشاندہی کرکے انہیں حل کریں۔ اجلاس کے اختتام پر پولیو مہم کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اسسٹنٹ کمشنر نیو سکھر بشریٰ منصور، اسسٹنٹ کمشنر سٹی سکھر سارا فراز اور اسسٹنٹ کمشنر پنو عاقل انصاف علی پٹھان کو کمشنر سکھر عابد سلیم قریشی کی جانب سے شیلڈز پیش کی گئیں۔ اس موقع پر بہترین کارکردگی دکھانے والے پولیو ورکرز کو تعریفی اسناد کے ساتھ پانچ، پانچ ہزار روپے نقد انعام بھی دیا گیا۔ کمشنر سکھر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پولیو کے خاتمے کے قومی مقصد کے حصول کے لیے تمام متعلقہ اداروں کی مشترکہ کوششوں، مؤثر نگرانی، عملے کی جوابدہی اور عوامی تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا، تاکہ ہر بچے کو پولیو سے محفوظ بنایا جا سکے۔