سرکاری نرخ پر آٹے کی فراہمی 4 لاکھ 17 ہزار سے زائد تھیلے فراہم
سرکاری نرخ پر آٹے کی فراہمی 4 لاکھ 17 ہزار سے زائد تھیلے فراہم
صوبہ بھر میں 1611 فعال آٹا ڈیلرز کے ذریعے شہریوں کو 20 کلوگرام آٹے کا تھیلا 2520 روپے میں فراہم کیا گیا، محکمہ خوراک
پشاور ( سید گوہر شاہ )
محکمہ خوراک نے گزشتہ ہفتے پشاور ڈویژن میں 1 لاکھ 1 ہزار 955، مردان ڈویژن میں 59 ہزار 389 جبکہ ملاکنڈ ڈویژن میں 1 لاکھ 20 ہزار 737 آٹے کے تھیلے فراہم کیے گئے۔اسی طرح ہزارہ ڈویژن میں 38 ہزار 129، بنوں میں 12 ہزار 588، ڈی آئی خان ڈویژن میں 41 ہزار 688 جبکہ کوہاٹ ڈویژن میں 42 ہزار 682 آٹے کے تھیلے سرکاری نرخ پر فراہم کیے گئے۔محکمہ خوراک کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت کے صوبائی اسٹریٹجک ریزرو سے فلور ملز کو روزانہ 3 ہزار میٹرک ٹن سرکاری گندم کی ریلیز جاری ہے، جبکہ شہریوں کو منتخب ڈیلرز کے ذریعے 20 کلوگرام سرکاری آٹے کا تھیلا 2 ہزار 520 روپے میں فراہم کیا جا رہا ہے۔محکمہ خوراک نے مزید بتایا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 8 فلور ملز پر جرمانے عائد کیے گئے ہیں، جبکہ خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی اور محکمہ خوراک کی ٹیمیں گندم اور آٹے کے معیار کی باقاعدگی سے نگرانی کر رہی ہیں۔معاون خصوصی برائے خوراک ڈاکٹر محمد اسرار خان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سرکاری گندم سے تیار کردہ آٹے کے معیار پر نظر رکھیں اور غیر معیاری آٹے کی فراہمی کی صورت میں فوری اطلاع دیں۔انہوں نے کہا کہ غیر معیاری آٹا فراہم کرنے والی فلور مل کا سرکاری کوٹہ منسوخ کرنے کے ساتھ قانونی کارروائی بھی کی جائے گی۔معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت عوام کو معیاری اور سستا آٹا فراہم کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھا رہی ہے، جبکہ آٹے کی فراہمی، معیار اور فلور ملز کی جانب سے ایس او پیز پر عملدرآمد کی مسلسل نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔