October 15, 2026

غیر قانونی پیٹرول و ڈیزل کی فروخت کے خلاف سکھر پولیس کا کریک ڈاؤن، 3 ملزمان گرفتار، 540 لیٹر ڈیزل اور سامان برآمد

IMG-20261003-WA0198

غیر قانونی پیٹرول و ڈیزل کی فروخت کے خلاف سکھر پولیس کا کریک ڈاؤن، 3 ملزمان گرفتار، 540 لیٹر ڈیزل اور سامان برآمد

سکھر (بیورورپورٹ)غیر قانونی طور پر پیٹرول اور ڈیزل کی خرید و فروخت، ذخیرہ اندوزی اور کھلے عام فروخت کے خلاف سکھر پولیس کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔ پولیس نے ڈریھا کے قریب کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر ڈیزل کی خرید و فروخت اور ذخیرہ کرنے میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے بڑی مقدار میں ڈیزل اور غیر قانونی کاروبار میں استعمال ہونے والا سامان برآمد کرلیا۔پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران گرفتار کیے گئے ملزمان میں سارنگ مہر، امجد مہر اور عابد علی سدایو شامل ہیں۔ ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر 540 لیٹر ڈیزل، ڈرمز، جنریٹر، پمپ اور غیر قانونی سرگرمی میں استعمال ہونے والی ایک ویگن برآمد کی گئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف کرائم نمبر 62/2026 کے تحت تھانہ تماچانی میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ مقدمے میں تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 285، 286، 353، 379، 147، 148 اور 149 شامل کی گئی ہیں، جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔اس موقع پر ایس ایس پی سکھر احمد چوہدری نے کہا کہ غیر قانونی طور پر کھلے عام پیٹرول اور ڈیزل کی خرید و فروخت اور ذخیرہ اندوزی انسانی جانوں کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔ ایسے مقامات پر معمولی سی غفلت بھی آگ لگنے یا کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے، جس سے نہ صرف کاروبار میں ملوث افراد بلکہ اردگرد کے شہریوں کی جان و مال بھی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔ایس ایس پی سکھر نے مزید کہا کہ شہریوں کی جان و مال کو خطرے میں ڈالنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جبکہ غیر قانونی پیٹرولیم مصنوعات کی خرید و فروخت اور ذخیرہ کرنے کے خلاف پولیس کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔