قصور چونیاں میں معمولی تلخ کلامی پر خونی تصادم، فائرنگ سے زخمی 21 سالہ نوجوان جان کی بازی ہار گیا
قصور
چونیاں میں معمولی تلخ کلامی پر خونی تصادم، فائرنگ سے زخمی 21 سالہ نوجوان جان کی بازی ہار گیا
تفصیلات کے مطابق قصور کی تحصیل چونیاں کے نواحی علاقے کنگن پور کی بستی میرے میں ایک ماہ 22 روز قبل پیش آنے والے مسلح تصادم میں شدید زخمی ہونے والا 21 سالہ نوجوان احسن طویل علالت کے بعد دم توڑ گیا
ذرائع کے مطابق واقعے کے دوران مسلح ملزمان مبینہ طور پر ایک گھر میں داخل ہوئے، جہاں فائرنگ کے ساتھ ساتھ کلہاڑیوں کے وار بھی کیے گئے۔ فائرنگ کے نتیجے میں احسن کے سر میں گولی لگی، جبکہ نذیر احمد ٹانگ پر گولی لگنے سے شدید زخمی ہوا۔ واقعے کے دوران گھر میں موجود خواتین کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا
احسن کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ گزشتہ کئی ہفتوں سے زیر علاج تھا۔ تاہم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے بالآخر جان کی بازی ہار گیا۔
واقعے کا مقدمہ 729/26 تھانہ کنگن پور میں بشیر احمد کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔ مقدمے میں 8 افراد کو نامزد جبکہ 4 نامعلوم ملزمان کو شامل کیا گیا تھا۔ نامزد ملزمان میں مرزا اللہ وسایا، مرزا سوہاوہ، مرزا وارث علی، مرزا اظہر حسین، عبدالرحمن، عثمان غنی، عبدالرحمن ولد ناصر اور مرزا ناصر شامل ہیں
پولیس کے مطابق نوجوان کی ہلاکت کے بعد مقدمے میں قتل کی دفعات شامل کر دی گئی ہیں، جبکہ مقتول کی میت کو ضروری قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے THQ ہسپتال چونیاں منتقل کر دیا گیا ہے
دوسری جانب مقتول کے اہلخانہ نے ملزمان کی عدم گرفتاری پر شدید احتجاج کیا ہے۔ لواحقین کا کہنا ہے کہ واقعے کو کئی ہفتے گزر چکے ہیں، تاہم تاحال کسی نامزد ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔
اہلخانہ نے اعلیٰ پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں نامزد ملزمان کو فوری گرفتار کرکے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے اور انہیں انصاف فراہم کیا جائے