خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین خوشاب میں عالمی یومِ
خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین خوشاب میں عالمی یومِ جنگلات کی مناسبت سے شجرکاری مہم کا انعقاد کیا گیا، جس کے دوران مضمون نویسی مقابلہ، پینٹنگ و پوسٹر سازی، سیمینار، آگاہی واک اور مختلف اقسام کے درخت و پودے لگانے سمیت متعدد سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا۔
عالمی یومِ جنگلات کے حوالے سے منعقدہ خصوصی تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز مسٹر امتیاز صبوحی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے کالج کے احاطے میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز کیا اور اپنی نگرانی میں کالج کے وسیع احاطے میں 700 درخت اور پودے لگوائے۔ اس موقع پر طلبہ کی جانب سے تیار کردہ پوسٹرز اور بینرز بھی آویزاں کیے گئے، جبکہ طالبات نے بھرپور جوش و خروش سے سرگرمیوں میں حصہ لیا۔
مہمانِ خصوصی امتیاز صبوحی نے طالبات سے خطاب کرتے ہوئے شجرکاری کی اہمیت اور ماحولیاتی تحفظ میں درختوں کے بنیادی کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ درخت نہ صرف ماحول کو خوبصورت بناتے ہیں بلکہ صاف ہوا، بہتر آب و ہوا اور صحت مند معاشرے کے قیام میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ شجرکاری مہم کا مقصد کالج کے ماحول کو سرسبز و شاداب بنانے کے ساتھ ساتھ طالبات میں ماحولیاتی شعور اجاگر کرنا بھی تھا۔