ماں کا دودھ بچے کی صحت، نشوونما اور قوتِ مدافعت کے لیے قدرت کا بہترین تحفہ ہے: ڈاکٹر عامر رضا
ماں کا دودھ بچے کی صحت، نشوونما اور قوتِ مدافعت کے لیے قدرت کا بہترین تحفہ ہے: ڈاکٹر عامر رضا
ہارون آباد (نمائندہ خصوصی سٹی رپورٹر) محکمہ ہیلتھ اینڈ پاپولیشن (ڈسٹرکٹ ہیلتھ اینڈ پاپولیشن اتھارٹی) بہاولنگر کے زیر اہتمام ماں کے دودھ کی اہمیت و افادیت کے عالمی ہفتہ کی افتتاحی تقریب ڈسٹرکٹ ہیلتھ اینڈ پاپولیشن اتھارٹی بہاولنگر میں منعقد ہوئی۔ تقریب کا افتتاح چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اینڈ پاپولیشن اتھارٹی بہاولنگر ڈاکٹر شوکت علی نے ڈاکٹر محمد وقاص، ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر آئی آر ایم این سی ایچ، اور خرم شہزاد، سوشل آرگنائزر/مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن آفیسر آئی آر ایم این سی ایچ کے ہمراہ کیا۔
افتتاحی تقریب کے بعد لیڈی ہیلتھ سپروائزرز، لیڈی ہیلتھ ورکرز، کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹرز اور ہیلتھ اینڈ نیوٹریشن سپروائزرز کے لیے آگاہی سیشن اور سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔اس حوالے سے معروف معالج ڈاکٹر عامر رضا نے کہا کہ ماں کے دودھ کی اہمیت و افادیت کا عالمی ہفتہ 26 ستمبر تا 2 اکتوبر 2026 تک منایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال بریسٹ فیڈنگ ویک کا بنیادی مقصد ماں کے دودھ کو ترجیحی حق کے طور پر اجاگر کرنا اور کمیونٹی کی سطح پر اس حوالے سے پائیدار معاون نظام کو فروغ دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ نومولود بچے کو پیدائش کے فوراً بعد ماں کا دودھ شروع کروایا جائے اور مائیں اپنے بچوں کو دو سال کی عمر تک اپنا دودھ پلائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ لیڈی ہیلتھ سپروائزرز، لیڈی ہیلتھ ورکرز، کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹرز اور دیگر فیلڈ اسٹاف ہفتہ بھر گھر گھر جا کر ماؤں اور خاندانوں کو ماں کے دودھ کی اہمیت و افادیت کے بارے میں آگاہی فراہم کریں گے۔
ماں کا دودھ بچے کی صحت، نشوونما اور قوتِ مدافعت کے لیے انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے ماں اور بچے دونوں کی صحت کے حوالے سے بریسٹ فیڈنگ کے طبی فوائد پر تفصیلی روشنی ڈالی اور کہا کہ ماؤں کو بچوں کو اپنا دودھ پلانے کے حوالے سے بھرپور آگاہی اور معاونت فراہم کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے قرآن پاک کی تعلیمات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بچوں کو دو سال تک دودھ پلانے کی اہمیت بھی بیان کی گئی ہے۔ انہوں نے خواتین کو مشورہ دیا کہ وہ نومولود بچوں کو ماں کا دودھ پلانے کو ترجیح دیں، کیونکہ اس سے بچوں کو ضروری غذائیت اور قوتِ مدافعت حاصل ہوتی ہے۔
تقریب کے اختتام پر ماں کے دودھ کی اہمیت و افادیت کے حوالے سے آگاہی واک کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں محکمہ صحت کے افسران، ہیلتھ مینیجرز، لیڈی ہیلتھ سپروائزرز، لیڈی ہیلتھ ورکرز اور دیگر متعلقہ عملے نے شرکت کی۔
اس موقع پر ڈاکٹر شوکت علی اور خرم شہزاد کی زیر نگرانی ضلع بہاولنگر کے ہیلتھ مینیجرز اور سکول ہیلتھ اینڈ نیوٹریشن سپروائزرز کا اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں بریسٹ فیڈنگ ویک کے دوران ضلع بھر میں بھرپور آگاہی سرگرمیوں کے انعقاد اور فیلڈ اسٹاف کو مؤثر انداز میں متحرک کرنے کے حوالے سے ہدایات جاری کی گئیں۔