*علم دین، تدریج شریعت اور اتحاد امت کا تقاضا* اتوار 15 نومبر 2026ء تحقیق و تحریر: انجینیئر نذیر ملک سرگودھا
*علم دین، تدریج شریعت اور اتحاد امت کا تقاضا*
اتوار 15 نومبر 2026ء
تحقیق و تحریر:
انجینیئر نذیر ملک سرگودھا
دین اسلام کوئی ایسا بوجھ نہیں ہے جو انسان پر اچانک مسلط کر دیا گیا ہو، بلکہ اللہ تعالی نے انسانی نفسیات اور معاشرتی تدریج کو سامنے رکھتے ہوئے تئیس سال کے طویل عرصے میں احکام نازل فرمائے۔ اس کی سب سے روشن مثال شراب کی حرمت کا تدریجی نفاذ ہے۔ قرآن مجید میں پہلے پہل سورۃ البقرہ میں ارشاد ہوا:
يسألونك عن الخمر والميسر قل فيهما إثم كبير ومنافع للناس وإثمهما أكبر من نفعهما
ترجمہ: وہ آپ سے شراب اور جوئے کے بارے میں پوچھتے ہیں، کہہ دیجیے کہ ان دونوں میں بڑا گناہ ہے اور لوگوں کے لیے کچھ فائدے بھی ہیں، لیکن ان کا گناہ ان کے فائدے سے بہت زیادہ ہے۔ (سورۃ البقرہ: 219)
اس کے بعد جب ابتدائی طور پر نشے کی حالت میں نماز کے قریب جانے سے منع کیا گیا تو سورۃ النساء میں ارشاد ہوا:
يا أيها الذين آمرا لا تقربوا الصلاة وأنتم سكارى حتى تعلموا ما تقولون
ترجمہ: اے ایمان والو! نشے کی حالت میں نماز کے قریب نہ جاؤ یہاں تک کہ تم وہ سمجھنے لگو جو کہہ رہے ہو۔ (سورۃ النساء: 43)
اور بالآخر جب سورۃ المائدہ میں قطعی اور حتمی حکم نازل ہوا تو شراب کو سرے سے حرام قرار دے دیا گیا:
يا أيها الذين آمنوا إنما الخمر والميسر والأنصاب والأزلام رجس من عمل الشيطان فاجتنبوه لعلكم تفلحون
ترجمہ: اے ایمان والو! بات یہی ہے کہ شراب، جوا، بت اور پانسے کے تیر سب گندے کام ہیں جو شیطان کے عمل سے ہیں، سو تم ان سے بچتے رہو تاکہ تم فلاح پاؤ۔ (سورۃ المائدہ: 90)
صحابہ کرام نے اس آخری حکم کے نازل ہوتے ہی اس پر اتنی فوری اور کامل فرمانبرداری دکھائی کہ جن لوگوں کے منہ میں شراب کا گھونٹ موجود تھا انہوں نے اسی وقت اسے باہر پھینک دیا۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ جب حق اور صحیح بات انسان تک پہنچ جائے، تو اس پر بلا تاخیر عمل کرنا ہی مومن کا شیوہ ہوتا ہے۔
قرآن مجید اللہ کا آخری کلام ہے جو کہ تبیانا لكل شيء یعنی ہر چیز کا واضح بیان ہے، اور احادیثِ مبارکہ اس کی تشریح اور عملی نمونہ ہیں۔ اللہ تعالی نے قرآن مجید میں ارشاد فرمایا:
ونزلنا عليك الكتاب تبيانا لكل شيء وهدى ورحمة وبشرى للمسلمين
ترجمہ: اور ہم نے آپ پر یہ کتاب نازل کی ہے جو ہر چیز کا واضح بیان ہے اور ہدایت اور رحمت اور مسلمانوں کے لیے خوشخبری ہے۔ (سورۃ النحل: 89)
محدثینِ کرام نے اپنی جانیں کھپا کر اور فنِ جرح و تعدیل کے ذریعے احادیث کے ذخیرے کو محفوظ کر کے امت پر بہت بڑا احسان کیا ہے۔ البتہ، اگر کوئی روایت قرآن مجید کی کسی نصِ قطعی یا عقلِ عام کے خلاف معلوم ہو، تو اس کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ یا تو اس کے مفہوم کو سمجھنے میں کوئی بھول ہوئی ہے یا وہ سند کے اعتبار سے درست نہیں۔ جس طرح عام زندگی میں باتوں کا منہ بہ منہ چلتے ہوئے مبالغہ آمیز بن جانا ایک فطری امر ہے، اسی طرح راویوں کے فہم اور حفاظتی مراحل کو پرکھنے کے لیے محدثین نے جو معیار قائم کیے، وہ تاریخ میں بے مثال ہیں۔
ہر انسان کو یہ بات سمجھنی چاہیے کہ جو علم اور جو احادیث ہم تک درست سند کے ساتھ پہنچ چکی ہیں، ان پر عمل کرنا ہم پر بحیثیتِ فرد فرض ہو جاتا ہے۔ یہ ذمہ داری معاشرے یا کسی دوسرے فرد کی نہیں بلکہ ہماری اپنی ذات پر عائد ہوتی ہے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے:
من يرد الله به خيرا يفقهه في الدين
ترجمہ: اللہ تعالی جس کے ساتھ بھلائی کا ارادہ فرماتا ہے اسے دین کی سمجھ بوجھ عطا کر دیتا ہے۔ (صحیح بخاری: 71، صحیح مسلم: 1037)
اکثر لوگ جان بوجھ کر دین کا علم حاصل کرنے سے کتراتے ہیں اور کہتے ہیں کہ اگر ہمیں پتہ چل گیا تو ہمیں عمل کرنا پڑے گا، اس لیے لاعلمی ہی بہتر ہے۔ یہ سوچ سراسر غلط ہے۔ اللہ تعالی جس پر احسان کرنا چاہتا ہے اسے دین کی سمجھ عطا فرما دیتا ہے، کیونکہ یہی وہ دولت ہے جو انسان کو دنیا اور آخرت میں گمراہی سے بچاتی ہے۔
حدیث پاک میں ہے کہ علم حاصل کرنا ہر مسلمان پر فرض ہے:
طلب العلم فريضة على كل مسلم
ترجمہ: علم حاصل کرنا ہر مسلمان پر فرض ہے۔ (سنن ابن ماجه: 224)
یہ اللہ کا خاص احسان ہے کہ بندہ دین کی طرف راغب ہو جاتا ہے، ورنہ وہی مال، وہی جسم اور وہی صلاحیتیں انسان کو غلط راستے پر بھی لے جا سکتی ہیں۔ لہذا جو حق اور ہدایت ہم تک پہنچ چکی ہے، اس پر عمل کرنا ہمارا ذاتی فریضہ ہے۔
آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم ان تمام چیزوں پر اتفاق کریں جو ہمارے اور آپ کے مابین مشترکہ ہیں، اور جن پر امت کا اتفاقِ رائے موجود ہے۔ فروعی اور اختلافی مباحث کو ایک طرف رکھ کر قرآن و سنت کی ان مسلمہ تعلیمات پر عمل شروع کیا جائے جو اتحاد، اخوت اور عملِ صالح کا درس دیتی ہیں۔ اختلاف کی بحثیں بعد میں بھی کی جا سکتی ہیں، لیکن اصل ترجیح اس بات کی ہونی چاہیے کہ جو ہدایت ہمیں مل چکی ہے، اس کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنایا جائے۔ قرآن مجید میں اتحاد کا حکم دیتے ہوئے ارشاد ہوتا ہے:
واعتصموا بحبل الله جميعا ولا تفرقوا
ترجمہ: اور سب مل کر اللہ کی رسسی کو مضبوطی سے تھام لو اور آپس میں مت پھوٹو۔ (سورۃ آل عمران: 103)
تحقیق و تحریر:
انجینیئر نذیر ملک سرگودھا
فون: 00923008604333
ویب سائٹ: www.nazirmalik.com