قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر بین الاقوامی سیرت النبی کانفرنس سے خطاب کر رہے ہیں۔
قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر بین الاقوامی سیرت النبی کانفرنس سے خطاب کر رہے ہیں۔
سیرت النبی ص ایک مکمل ضابطہ حیات فراہم کرتی ہے۔ قائم مقام چیئرمین سینیٹ آف پاکستان
نوجوانوں کو درپیش چیلنجز کا حل اسلامی تعلیمات میں موجود ہے۔سیدال خان ناصر کی تقریب سے خطاب
اسلام آباد: (نمائندہ خصوصی) گلوبل ٹائمز نیوز ایجنسی یورپ کے مطابق قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا ہے کہ سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم ایک مکمل ضابطہ حیات فراہم کرتی ہے اور دنیا و آخرت میں کامیابی کے لیے رہنمائی فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو درپیش تعلیمی، معاشی اور سماجی چیلنجز کا پائیدار حل اسلامی تعلیمات اور سیرت نبوی کی روشنی میں تلاش کیا جا سکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے الحمد اسلامی یونیورسٹی کے شعبہ علوم اسلامیہ کے زیر اہتمام دوسری بین الاقوامی سیرت کانفرنس 2026 کے اسلام آباد سیشن سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس کا موضوع تھا ’’نوجوانوں کو درپیش عصری تعلیمی، معاشی اور سماجی چیلنجز اور سیرت طیبہ کی روشنی میں ان کا حل‘‘۔ قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ حضور اکرم ص کی زندگی اور تعلیمات پوری انسانیت کے لیے امن، انصاف، مساوات، ہمدردی، رواداری اور باہمی احترام کا عملی نمونہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میثاق مدینہ اور مختلف مذاہب کے لوگوں کے ساتھ رسول اللہ ص کا طرز عمل پرامن بقائے باہمی اور حقوق کے تحفظ کی لازوال مثالیں پیش کرتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان کسی بھی ملک کا سب سے قیمتی اثاثہ اور مستقبل کے معمار ہوتے ہیں۔ پاکستان کی 60 فیصد سے زائد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، ان کو جدید تعلیم، ہنر اور علم سے آراستہ کرنے کے ساتھ ساتھ مضبوط اخلاقی اقدار، کردار اور مثبت نقطہ نظر کی آبیاری کرنا بھی ضروری ہے۔ سیدال خان ناصر نے نوجوانوں میں نفرت، عدم برداشت اور منفی گفتگو کے بڑھتے ہوئے رجحانات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہیں سابقہ جارحیت کے اثرات سے بچانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا کے منفی استعمال کو روکنے اور نوجوانوں کی توانائیوں کو تعمیری اور نتیجہ خیز سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں اور قیادت پر زور دیا کہ وہ قومی مفادات کو ذاتی یا جماعتی مفادات سے بالاتر رکھیں اور پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے مل کر کام کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں خود سے احتساب کا آغاز کرنا چاہیے اور مخلص اور قابل لوگوں کو قومی ترقی میں حصہ ڈالنے کے مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔ قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ملک کی سیاسی اور سیکیورٹی قیادت کی اجتماعی کوششوں سے عالمی برادری میں پاکستان کا مثبت امیج اور موقف بہتر ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو بین الاقوامی امور میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے کردار پر فخر ہے اور وہ خانہ کعبہ کے تحفظ اور حرمت کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے سیرت کانفرنس کے انعقاد پر منتظمین، اسکالرز اور محققین کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ سیرت طیبہ کے آفاقی پیغام کو فروغ دینے اور نوجوان نسل کی فکری، اخلاقی اور روحانی ترقی کو تقویت دینے میں معاون ثابت ہوگی۔