میلسی(بیو رو چیف و ہا ڑ ی )۔ اسسٹنٹ کمشنر میلسی سعد بن خالد کی زیر صدارت اور مہر محمد اویس کی
میلسی(بیو رو چیف و ہا ڑ ی )۔ اسسٹنٹ کمشنر میلسی سعد بن خالد کی زیر صدارت اور مہر محمد اویس کی زیر نگرانی کمیٹی باغ کے سبزہ زار میں سرکاری سطح پر ”مقصد آمدِ مصطفیٰ ﷺ کانفرنس” منعقد ہوئی۔ کانفرنس میں تحصیل بھر سے علماء کرام، دینی مدارس کے اساتذہ، سرکاری افسران اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔کانفرنس کے مہمانِ مقرر مولانا مفتی عبد الواحد قریشی نے ”مقصد آمدِ مصطفیٰ ﷺ” کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کو اللہ تعالیٰ نے رحمت للعالمین بنا کر بھیجا۔ آپ ﷺ کی بعثت کا مقصد انسانیت کو ظلم، جہالت اور ناانصافی سے نکال کر عدل، مساوات اور اخلاق کی تعلیم دینا تھا۔انہوں نے کہا کہ آج ہم جن سماجی برائیوں میں گھرے ہوئے ہیں ان کا واحد حل سیرتِ طیبہ پر عمل ہے۔ آپ ﷺ نے مختصر عرصے میں ایک مثالی معاشرہ تشکیل دیا جہاں عورت کو عزت، یتیم کو حق اور کمزور کو تحفظ ملا۔ مولانا تاج محمود ریحان انہوں نے قرآن کی آیت ”وَمَا أَرْسَلْنَاکَ إِلَّا رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِینَ” کی روشنی میں بتایا کہ آپ ﷺ کی آمد کا مقصد صرف عبادت نہیں بلکہ انسانیت کی اخلاقی، معاشرتی اور روحانی تربیت تھا۔ آپ ﷺ ظلم کے خاتمے، عدل کے قیام اور انسان کو انسانیت کا سبق دینے کے لیے مبعوث ہوئے۔انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی زندگیوں کو سیرتِ رسول ﷺ کے سانچے میں ڈھالیں۔ انہوں نے کہا کہ ”اصل عشقِ رسول ﷺ سچ بولنے، وعدہ پورا کرنے اور والدین و پڑوسیوں کے حقوق ادا کرنے میں ہے۔”اسسٹنٹ کمشنر سعد بن خالد نے خطاب میں کہا کہ حکومت کا مقصد نئی نسل کو سیرتِ نبوی ﷺ سے روشناس کرانا اور معاشرے میں امن و رواداری کا پیغام عام کرنا ہے۔ انہوں نے کمیٹی باغ انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔آخر میں ملک و قوم کی سلامتی، ترقی اور اتحاد کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔؟