10

پنجاب کالج جھنگ میں جشن آزادی کی پروقار تقریب، شہداء کو خراجِ عقیدت

پنجاب کالج جھنگ میں جشن آزادی کی پروقار تقریب، شہداء کو خراجِ عقیدت
جھنگ (پریس ریلیز): پنجاب کالج جھنگ میں جشنِ آزادی پاکستان روایتی جوش و جذبے اور ملی ولولے کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر کالج کی عمارت کو برقی قمقموں اور سبز ہلالی پرچموں سے خوبصورتی سے سجایا گیا، جبکہ رات کے وقت روشن قمقموں سے جگمگاتی کالج کی عمارت ایک نہایت دلکش منظر پیش کر رہی تھی۔
جشنِ آزادی کی صبح طلبہ و طالبات، پروفیسرز، اساتذہ اور دیگر سٹاف ممبران سفید لباس میں ملبوس ہو کر کالج پہنچے، جہاں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے رئیسِ ادارہ پروفیسر شبر عباس مہمانِ خصوصی تھے۔
تقریب کے سیکرٹری کے فرائض پروفیسر محمود الحسن سیال نے انجام دیے، جبکہ رضا حیدر نے معاونت کی۔ تقریب کا آغاز مارچ پاسٹ سے ہوا، جس میں پنجاب کالج کے سکیورٹی سپروائزر محمد حنیف نے رئیسِ ادارہ پروفیسر شبر عباس کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔
بعد ازاں پروفیسر عثمان علی حسنین نے تلاوتِ کلامِ پاک کی سعادت حاصل کی، جبکہ طالب علم حسان اعجاز نے نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کی۔ طلبہ کی جانب سے ملی نغمہ بھی پیش کیا گیا جس سے تقریب کا ماحول ملی جوش و جذبے سے بھر گیا۔
اس موقع پر قومی ترانہ بھی باقاعدہ طور پر پیش کیا گیا۔ قومی ترانے کے احترام میں رئیسِ ادارہ، پروفیسرز، اساتذہ اور تمام سٹاف ممبران نے کھڑے ہو کر سلامی پیش کی اور وطنِ عزیز سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کیا۔
پروفیسر ریاض نون نے یومِ آزادی کے حوالے سے خطاب کرتے ہوئے قیامِ پاکستان کے مقاصد، آزادی کی قدر و قیمت اور وطن سے وفاداری کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ الائیڈ سکول کے ننھے طلبہ و طالبات نے حب الوطنی پر مبنی خوبصورت ٹیبلو پیش کیا، جبکہ ایک طالبہ نے ’’ہم نوجوان ہیں اور پاکستان کے محافظ ہیں‘‘ کے عنوان سے پُرجوش تقریر کی اور شہدائے پاکستان کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
تقریب سے رئیسِ ادارہ پروفیسر شبر عباس نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے شہدائے پاکستان کی لازوال قربانیوں اور قیامِ پاکستان کے لیے دی جانے والی بے مثال جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ آزادی ایک عظیم نعمت ہے جو ہمیں لاکھوں قربانیوں کے بعد حاصل ہوئی، اس لیے ہمیں اس کی قدر کرتے ہوئے ملک کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
انہوں نے پاکستان کی مٹی کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ وہ مقدس سرزمین ہے جس کے حصول اور حفاظت کے لیے ہمارے بزرگوں اور جوانوں نے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ نوجوان نسل ملک کا مستقبل ہے، اس لیے طلبہ کو تعلیم، کردار، محنت، نظم و ضبط اور حب الوطنی کے ذریعے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
تقریب کے اختتام پر جشنِ آزادی کا کیک کاٹا گیا، جس میں رئیسِ ادارہ سمیت پروفیسرز اور تمام سٹاف ممبران نے شرکت کی۔ آخر میں پروفیسر ناصر حسن عارفی نے دعائیہ کلمات ادا کیے اور پاکستان کے شہداء اور شہدائے اسلام کے لیے تلاوتِ قرآنِ مجید اور ایصالِ ثواب کا اہتمام کیا گیا۔
تقریب اس عزم کے اظہار کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی کہ پاکستان ہماری پہچان، ہماری محبت اور ہماری ذمہ داری ہے اور پنجاب کالج جھنگ کے طلبہ و اساتذہ وطنِ عزیز کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں