*جھنگ پولیس کے ایس ایچ او حافظ محمد عبداللہ کو انسپکٹر سے سب انسپکٹر بنا دیا گیا* ذرائع
*درخواست پر 25 روز تک قانونی کارروائی نہ کرنے کا الزام ثابت، محکمانہ انکوائری کے بعد پنجاب پولیس ای اینڈ ڈی رولز کے تحت سزا*
جھنگ پولیس کے تھانہ موچی والا کے سابق ایس ایچ او انسپکٹر حافظ محمد عبداللہ نمبر F/335 کے خلاف محکمانہ کارروائی کرتے ہوئے انہیں انسپکٹر کے عہدے سے ایک درجہ تنزلی دے کر سب انسپکٹر بنا دیا گیا۔
محکمانہ Punishment Order مورخہ 21 اگست 2026 کے مطابق حافظ محمد عبداللہ کے خلاف پنجاب پولیس (E&D) رولز 1975 کے تحت کارروائی عمل میں لائی گئی۔ ان پر الزام تھا کہ تھانہ موچی والا میں ایک شہری کی جانب سے مقدمہ کے اندراج کے لیے دی گئی درخواست پر بروقت قانونی کارروائی نہیں کی گئی۔
حکم نامے کے مطابق مسماۃ عشرت بی بی دختر اللہ یار سکنہ چک نمبر 173/JB نے مقدمہ FIR No.346/2026 کے اندراج اور ملزمان کی گرفتاری میں تاخیر کے حوالے سے شکایت کی تھی۔ محکمانہ ریکارڈ کے مطابق واقعہ کی درخواست 11 فروری 2026 کو تھانہ موچی والا میں موصول ہوئی، تاہم اس وقت کے ایس ایچ او نے درخواست فوری قانونی کارروائی کے لیے استعمال کرنے کے بجائے اے ایس آئی فیاض کو مارک کر دی۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ حافظ محمد عبداللہ 6 مارچ 2026 تک تھانہ موچی والا کے ایس ایچ او تعینات رہے، تاہم 11 فروری سے 6 مارچ تک 25 روز کے دوران ملزمان کے خلاف مؤثر قانونی کارروائی نہ کی گئی۔ بعد ازاں مذکورہ واقعہ کے حوالے سے 29 اپریل 2026 کو FIR No.346/2026 بجرم دفعات 440/447/511/34 PPC درج کی گئی۔
معاملے کی انکوائری DSP/ADIG، RPO آفس فیصل آباد کے ذریعے کرائی گئی، جس کی رپورٹ نمبر 643/ADIG مورخہ 16 جولائی 2026 میں متعلقہ افسر کی جانب سے بروقت کارروائی نہ کرنے کی نشاندہی کی گئی۔
حکم نامے کے مطابق انسپکٹر حافظ محمد عبداللہ کو شوکاز نوٹس کا جواب دینے اور ذاتی شنوائی کا مکمل موقع فراہم کیا گیا۔ 21 اگست 2026 کو Orderly Room میں ان کا مؤقف بھی سنا گیا، تاہم محکمانہ اتھارٹی نے ان کے دلائل کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔
محکمانہ فیصلے میں الزامات کو ثابت شدہ قرار دیتے ہوئے مذکورہ طرزِ عمل کو سنگین مس کنڈکٹ اور فرائض میں غفلت قرار دیا گیا اور اسے Standing Order No.12 of 2018 کے Discipline Matrix کے Level-3, Category-C کے تحت شمار کیا گیا۔
چنانچہ پنجاب پولیس (E&D) Rules, 1975 اور متعلقہ محکمانہ احکامات کے تحت انسپکٹر حافظ محمد عبداللہ کو ایک درجہ تنزلی دے کر سب انسپکٹر کر دیا گیا، جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔
ذرائع کے مطابق محکمانہ کارروائی کا یہ فیصلہ جھنگ پولیس میں افسران کی جانب سے شہریوں کی شکایات پر بروقت قانونی کارروائی اور فرائض کی انجام دہی کے حوالے سے ایک اہم مثال قرار دیا جا رہا ہے









