10

سرگودھا (راجہ نورالہی عاطف سے) ریڈیو پاکستان سرگودھا کے ایف ایم 101 کے معروف پروگرام “شاہین

سرگودھا (راجہ نورالہی عاطف سے) ریڈیو پاکستان سرگودھا کے ایف ایم 101 کے معروف پروگرام “شاہین سرگودھا” میں محکمہ سوشل ویلفیئر کی خدمات، خصوصی افراد کی فلاح و بہبود اور حکومتِ پنجاب کے مختلف سماجی و فلاحی منصوبوں کے حوالے سے ایک خصوصی آگاہی پروگرام نشر کیا گیا۔ پروگرام میں اسماء منظور، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر، سرگودھا نے بطور مہمان شرکت کی۔
پروگرام کے دوران اسماء منظور نے محکمہ سوشل ویلفیئر کے اغراض و مقاصد، عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات، خصوصی افراد، خواتین، بچوں اور معاشرے کے کمزور طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے جاری منصوبوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ سوشل ویلفیئر حکومتِ پنجاب کے وژن کے مطابق معاشرے کے محروم طبقات کو سہولیات کی فراہمی، بحالی اور بااختیار بنانے کے لیے مؤثر کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ خصوصی افراد کے لیے ڈس ایبلٹی سرٹیفکیٹ اور ہمت کارڈ کے حصول کا طریقہ کار انتہائی آسان بنا دیا گیا ہے۔ شہری www.dpmis.gov.pk کے ذریعے آن لائن درخواست جمع کرا سکتے ہیں، جبکہ متعلقہ تحصیل ہیڈ کوارٹر (ہسپتال یا محکمہ سوشل ویلفیئر کے دفاتر سے بھی رہنمائی اور درخواست جمع کروانے کی سہولت دستیاب ہے۔ انہوں نے بتایا کہ طبی معائنے کے بعد خصوصی افراد کو ” فٹ فار ورک” اور ” ناٹ فٹ فار ورک ” کی دو کیٹیگریز میں تقسیم کیا جاتا ہے، جس کے مطابق انہیں مختلف سہولیات اور مراعات فراہم کی جاتی ہیں۔
محترمہ اسماء منظور نے حکومتِ پنجاب کے ہمت کارڈ پروگرام کے حوالے سے بتایا کہ مستحق خصوصی افراد کو ہر تین ماہ بعد 10,500 روپے کی مالی معاونت فراہم کی جاتی ہے، جو بینک آف پنجاب کے ذریعے وصول کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہمت کارڈ سے متعلق معلومات، رہنمائی یا شکایات کے لیے شہری 1312 ہیلپ لائن پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
انہوں نے اے ڈی ڈبلیو سی ایپ کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور بتایا کہ محکمہ سوشل ویلفیئر کی مختلف خدمات اور معلومات سے متعلق رہنمائی اس پلیٹ فارم کے ذریعے بھی حاصل کی جا سکتی ہے۔ اسی طرح اقلیتی برادری کے لیے فراہم کی جانے والی مختلف سہولیات اور کارڈز سے متعلق بھی معلومات فراہم کی گئیں، جبکہ مزید رہنمائی کے لیے 1040 ہیلپ لائن پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
اسماء منظور نے بتایا کہ محکمہ سوشل ویلفیئر کا ڈویژنل ڈائریکٹوریٹ، نیو سیٹلائٹ ٹاؤن، سرگودھا میں قائم ہے، جہاں ڈویژنل ڈائریکٹر اور ڈپٹی ڈائریکٹر کے دفاتر موجود ہیں۔ اس کے علاوہ ضلع اور تمام تحصیلوں کی سطح پر بھی محکمہ سوشل ویلفیئر کے دفاتر قائم ہیں، جہاں شہری مختلف فلاحی منصوبوں، رجسٹریشن، رہنمائی اور دیگر سہولیات سے متعلق معلومات اور خدمات حاصل کر سکتے ہیں۔
گفتگو کے دوران دارالامان، چلڈرن ہوم، صنعت زار، شیلٹر ہوم، وہیل چیئر کی فراہمی اور محکمہ سوشل ویلفیئر کے دیگر فلاحی منصوبوں پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ سرگودھا میں قائم شیلٹر ہوم میں اس وقت تقریباً 50 خواتین کو محفوظ رہائش، خوراک، قانونی معاونت اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ ان کے مسائل کے حل تک انہیں محفوظ اور باوقار ماحول میسر آ سکے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ واٹر سپلائی روڈ، بلاک 25 پر واقع محکمہ سوشل ویلفیئر کے دفتر کے ساتھ تقریباً 33 رجسٹرڈ غیر سرکاری تنظیمیں ( این جی اوز) منسلک ہیں، جو محکمہ کے اشتراک سے سماجی بہبود، قدرتی آفات کے دوران امدادی سرگرمیوں اور عوامی خدمت کے مختلف منصوبوں میں فعال کردار ادا کر رہی ہیں۔
اسماء منظور نے بتایا کہ چلڈرن ہوم میں 4 سے 18 سال تک کے بچوں کی رہائش، تعلیم، تربیت اور نگہداشت کا انتظام موجود ہے، جبکہ صنعت زار کے ذریعے خواتین اور بچیوں کو مختلف فنی اور پیشہ ورانہ ہنر سکھا کر انہیں معاشی طور پر خودمختار بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
پروگرام کے دوران سامعین کی بڑی تعداد نے ٹیلی فون کالز کے ذریعے شرکت کی اور ہمت کارڈ، ڈس ایبلٹی سرٹیفکیٹ، محکمہ سوشل ویلفیئر کی خدمات، خواتین و بچوں کی فلاح، خصوصی افراد کے حقوق اور دیگر سماجی بہبود کے منصوبوں سے متعلق مختلف سوالات کیے، جن کے محترمہ اسماء منظور نے تفصیلی اور معلوماتی جوابات دیے۔
سامعین نے ریڈیو پاکستان سرگودھا کی جانب سے عوامی آگاہی کے فروغ کے لیے اس معلوماتی پروگرام کو بے حد سراہا اور کہا کہ ایسے پروگرام نہ صرف عوام تک مستند معلومات پہنچانے کا مؤثر ذریعہ ہیں بلکہ سرکاری اداروں اور شہریوں کے درمیان مؤثر رابطے کو بھی مضبوط بناتے ہیں۔
پروگرام کے میزبان سبطین بلوچ تھے۔ نعمان شفیق اور مہر بلال نے فیس بک پر معاونت فراہم کی، جبکہ ذیشان افضل نے اسٹوڈیو انجینئر کے فرائض انجام دیے۔ پروگرام کے پروڈیوسر محمد جمشید قادری تھے، جبکہ فریحہ کنول نے بطور ایگزیکٹو پروڈیوسر فرائض سرانجام دیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں