صدر زرداری کو سالگرہ مبارک، جس نے بھی لاہور میں جلسے کا مشورہ دیا اسکی کلاس ہونی چاہیے۔عظمیٰ بخاری
پاکستان پیپلز پارٹی کی پنجاب والی قیادت کا پارٹی سے زیادہ پنجاب حکومت پر فوکس ہے۔وزیر اطلاعات پنجاب
لاہور(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کو پنجاب میں چوتھے نمبر پر لانیوالے وہی لوگ ہیں جو پارٹی کو غلط رپورٹیں دیتے ہیں۔اپنے ایک بیان میں عظمیٰ بخاری نے صدر مملکت آصف علی زرداری کو ان کی سالگرہ کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا شکر کریں پیپلز پارٹی کو مینارپاکستان پر جلسے کی خفت سے نجات مل گئی۔ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی طرف سے زرداری صاحب کی سالگرہ پر لاہور میں جلسے کا اعلان کیا گیا، پھر اس طرح کا خالی کرسیوں کا جلسہ کرنا زرداری صاحب کی توہین ہے، جس نے بھی ان کو لاہور میں جلسہ کرنے کا مشورہ دیا اس کی کلاس ہونی چاہیے۔وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ کل رات گورنر ہاؤس پنجاب میں خالی کرسیوں کا جم غفیر تھا، کرسیاں دو ہزار تھیں اور جلسے میں بندے 150 تھے، پیپلز پارٹی کو پنجاب میں چوتھے نمبر پر لانے والے وہی لوگ ہیں جو اپنی پارٹی کو غلط رپورٹس دیتے ہیں۔عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا پیپلز پارٹی کی پنجاب والی قیادت کا پارٹی سے زیادہ پنجاب حکومت پر فوکس ہے، یہ لوگ اپنی پارٹی پر توجہ دیتے تو آج پنجاب میں پیپلز پارٹی کا یہ حال نہ ہوتا۔









