November 18, 2026

سکھر: سیپکو کا بجلی چوری اور نادہندگان کے خلاف مشترکہ آپریشن، متعدد غیرقانونی کنکشن منقطع

Screenshot_2026-07-13_064007.418

سکھر: سیپکو کا بجلی چوری اور نادہندگان کے خلاف مشترکہ آپریشن، متعدد غیرقانونی کنکشن منقطع

سکھر(بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی ان لاین نیوز)سکھر الیکٹرک پاور کمپنی (سیپکو) کے سب ڈویژن بندر روڈ اور سب ڈویژن گولیمار کی جانب سے بجلی چوری اور واجب الادا بجلی بلوں کی عدم ادائیگی کے خلاف مختلف علاقوں میں مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے غیرقانونی کنکشنز کے خلاف کریک ڈاؤن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران متعدد غیرقانونی کنڈا کنکشن منقطع کیے گئے جبکہ بجلی کے بقایاجات ادا نہ کرنے والے صارفین کے خلاف بھی قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی گئی۔تفصیلات کے مطابق آپریشن کی نگرانی سب ڈویژن بندر روڈ کے ایس ڈی او خلیل الرحمان ڈومکی، سب ڈویژن گولیمار کے ایس ڈی او نثار احمد شیخ، لائن سپرنٹنڈنٹ فرحان ماکو، سب ڈویژن بندر روڈ کے چیئرمین عبدالمالک سومرو، مقصود بھٹی، آدم کٹپر اور دیگر متعلقہ افسران و اہلکاروں نے کی۔سیپکو کی ٹیموں نے ملٹری روڈ، شکارپور پھاٹک، نیا گاؤں نمبر 1، نیا گاؤں نمبر 2 اور دیگر ملحقہ علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے بجلی چوری میں استعمال ہونے والے متعدد غیرقانونی کنڈا کنکشن ختم کر دیے۔ اس کے علاوہ ایسے صارفین کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی گئی جنہوں نے طویل عرصے سے اپنے بجلی کے واجبات ادا نہیں کیے تھے۔اس موقع پر سب ڈویژن بندر روڈ کے چیئرمین عبدالمالک سومرو نے کہا کہ بجلی چوری قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے اور اس ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے بلاامتیاز کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ بجلی چوری نہ صرف بجلی کے نظام کو متاثر کرتی ہے بلکہ ایمانداری سے بل ادا کرنے والے صارفین کے لیے بھی مشکلات پیدا کرتی ہے۔انہوں نے صارفین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بجلی کے بل مقررہ وقت پر ادا کریں اور غیرقانونی کنڈا کنکشن استعمال کرنے سے گریز کریں، بصورت دیگر قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ صارفین کسی بھی قسم کی معلومات، شکایت یا رہنمائی کے لیے سیپکو کے متعلقہ دفتر سے رابطہ کریں، جہاں انہیں ہر ممکن سہولت اور مکمل رہنمائی فراہم کی جائے گی۔