سکھر: کدھڑی تھانے کی حدود میں ڈاکوؤں کی 15 گائیں لوٹنے کی کوشش ناکام، دیہاتیوں نے مقابلے کے بعد مویشی واپس چھڑا لیے، چرواہا لاپتہ
سکھر: کدھڑی تھانے کی حدود میں ڈاکوؤں کی 15 گائیں لوٹنے کی کوشش ناکام، دیہاتیوں نے مقابلے کے بعد مویشی واپس چھڑا لیے، چرواہا لاپتہ
سکھر(بیورورپورٹ سید نصیر حسین زیدی آنلاین نیوز)سکھر کے کدھڑی تھانے کی حدود میں واقع کچے کے علاقے الف کچہ پیر مسافر میں مسلح ڈاکوؤں کی جانب سے دن دیہاڑے چرواہے سے 15 گائیں لوٹنے کی کوشش کو مقامی دیہاتیوں نے ناکام بنا دیا۔ فائرنگ کے تبادلے کے بعد دیہاتی لوٹا گیا مویشی واپس چھڑانے میں کامیاب ہوگئے، تاہم چرواہا عبدالسلام مہر لاپتہ ہوگیا، جس کی تلاش جاری ہے۔تفصیلات کے مطابق کچے کے علاقے الف کچہ پیر مسافر میں چرواہا عبدالسلام ولد عبدالخالق مہر جنگل میں مویشی چرا رہا تھا کہ اس دوران مسلح ڈاکو اسلحے کے زور پر اس سے 15 گائیں چھین کر فرار ہونے لگے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی مختلف دیہات کے افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت ڈاکوؤں کا تعاقب کیا، جس کے دوران دونوں جانب سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ذرائع کے مطابق دیہاتیوں نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈاکوؤں کا مقابلہ کیا اور تمام 15 گائیں واپس چھڑا لیں، تاہم واقعے کے بعد چرواہا عبدالسلام مہر لاپتہ ہوگیا، جس کے بارے میں خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔ مقامی افراد اپنی مدد آپ کے تحت اس کی تلاش میں مصروف ہیں۔باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع پر کدھڑی تھانے کے ایس ایچ او ارشاد کھوسو بھی پولیس نفری کے ہمراہ علاقے کی جانب روانہ ہوئے، تاہم فائرنگ کے دوران شارٹ کٹ راستے سے جاتے ہوئے ان کی موٹرسائیکل پنکچر ہوگئی، جس کے باعث وہ اپنی حفاظت کو یقینی بناتے ہوئے واپس تھانے پہنچ گئے۔ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ علاقے میں سرگرم مبینہ ڈاکو نظیر مہر اور اس کے ساتھیوں کے خلاف پہلے بھی متعدد سنگین مقدمات درج ہیں، جن میں ایک فوجی جوان، ایک پولیس اہلکار اور مویشی پال نوجوان شمس الدین مہر کے قتل کے الزامات بھی شامل ہیں۔دوسری جانب متاثرہ دیہاتیوں نے الزام عائد کیا ہے کہ کچے کے علاقے میں مسلح ڈاکوؤں کا خوف بدستور قائم ہے جبکہ مقامی پولیس ان کے خلاف مؤثر کارروائی کرنے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مختلف دیہات کے لوگوں نے اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر ڈاکوؤں کا مقابلہ کرکے مویشی تو واپس لے لیے، تاہم لاپتہ چرواہے کی بازیابی اب بھی ایک بڑا مسئلہ بنی ہوئی ہے۔متاثرہ افراد نے سندھ کے وزیر داخلہ، آئی جی سندھ پولیس، ڈی آئی جی سکھر اور ایس ایس پی سکھر سے مطالبہ کیا ہے کہ کچے کے علاقوں میں امن و امان کی بحالی کے لیے رینجرز اور پاک فوج کی خدمات حاصل کی جائیں، کیونکہ ان کے بقول مقامی پولیس کے لیے بھاری ہتھیاروں سے لیس ڈاکوؤں کا مقابلہ کرنا مشکل ہوچکا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ کچے کے علاقوں میں بڑے پیمانے پر آپریشن کرکے ڈاکوؤں کا مکمل خاتمہ کیا جائے اور مقامی آبادی کو جان و مال کا مؤثر تحفظ فراہم کیا جائے۔