نوابشاہ(رپورٹ۔انور عادل خانزادہ) آل آصف بنگلز کے مکینوں کا بلڈر کے خلاف احتجاج، بنیادی سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ
نوابشاہ(رپورٹ۔انور عادل خانزادہ) آل آصف بنگلز کے مکینوں کا بلڈر کے خلاف احتجاج، بنیادی سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ
دوڑ شہر کے آل آصف بنگلز کے مکینوں نے بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی، کالونی کے نقشے کی عدم منظوری، بجلی، گیس، نکاسی آب اور دیگر مسائل پر بلڈر آصف علی شاہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے قانونی کارروائی اور مکینوں کو ان کا حق دلانے کا مطالبہ کیا ہے۔ احتجاج کے دوران رہائشیوں عبدالستار رستمانی، علی جان پٹھان، محمد موسیٰ وسانو، سکندر لاشاری، ساجد لنڈ، غلام مصطفی لاشاری، عالیان ڈاہری اور دیگر نے میڈیا کو بتایا کہ انہوں نے 2019 میں آل آصف بنگلوز میں اقساط پر پلاٹس بک کرائے تھے، ان کا کہنا تھا کہ شاہ آصف نے تین سالہ منصوبے کے تحت تمام بنیادی تعمیرات کا وعدہ کیا تھا۔ بشمول گیس، بجلی، کارپٹ روڈ، نکاسی آب کا نظام، کالونی کا منظور شدہ نقشہ اور مقررہ مدت میں رجسٹری۔مکینوں نے الزام لگایا کہ بلڈر نے ابتدا میں سنہرے خواب دکھا کر کچھ کام شروع کرایا لیکن آج تک نہ کالونی کا نقشہ منظور ہوا، نہ ہی بجلی اور گیس کی سہولت فراہم کی گئی اور نہ ہی نکاسی آب کا نظام مکمل کیا گیا، جبکہ مکینوں نے اپنے واجبات مکمل طور پر ادا کیے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بنیادی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے مکینوں کو شدید مشکلات اور مالی نقصانات کا سامنا ہے جبکہ آل آصف بنگلوں کی ساکھ بھی متاثر ہوئی ہے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس سلسلے میں دوڑ ٹاؤن کمیٹی کے چیئرمین چوہدری وسیم افضل راجپوت کو مکینوں کے مسائل کے حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے درخواست بھی دی ہے۔ مکینوں نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (SBCA)، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ بلڈر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے، کالونی کا نقشہ قانونی طور پر منظور کیا جائے اور رہائشیوں کو رجسٹریشن کے حقوق کے ساتھ ساتھ بجلی، گیس، سڑک، نکاسی آب اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں، تاکہ وہ مزید پریشانیوں سے بچ سکیں۔