November 18, 2026

سکھر/خیرپور (بیورورپورٹ) سندھی لینگویج اتھارٹی کے زیرِ اہتمام خیرپور آرٹس کونسل میں ایک ماہ پر

IMG-20260714-WA0270

سکھر/خیرپور (بیورورپورٹ) سندھی لینگویج اتھارٹی کے زیرِ اہتمام خیرپور آرٹس کونسل میں ایک ماہ پر مشتمل سندھی زبان کا تدریسی کورس کامیابی سے مکمل ہونے پر ایک شاندار تقریبِ تقسیمِ اسناد منعقد کی گئی۔ تقریب کی صدارت سندھی لینگویج اتھارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر شیر مہرانی نے کی، جبکہ معروف شاعر و ادیب مختیار ملک، سندھی ادبی سنگت کے سابق سیکریٹری جنرل ڈاکٹر مشتاق پھل، ریڈیو پاکستان خیرپور کے اسٹیشن ڈائریکٹر مسرت علی منگی اور نامور شاعر و تربیت کار حبدار جاگیرانی نے بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی صدارتی خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر شیر مہرانی نے کہا کہ سندھی زبان ہماری قومی شناخت، تہذیب، تاریخ اور ثقافتی ورثے کی امین ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھی لینگویج اتھارٹی اس میٹھی زبان کے تحفظ، فروغ اور جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ترقی کے لیے مسلسل عملی اقدامات کر رہی ہے۔ خیرپور آرٹس کونسل میں منعقدہ ایک ماہ کا سندھی زبان کا تدریسی کورس بھی اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے، جس کا مقصد نوجوانوں، طلبہ اور سندھی زبان سے دلچسپی رکھنے والے افراد کو زبان کو درست انداز میں پڑھنے، لکھنے اور بولنے کی مہارت فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کورس کے شرکاء نے انتہائی دلچسپی، محنت اور لگن سے تربیت حاصل کی۔ یہ امر حوصلہ افزا ہے کہ آج بھی سندھی زبان سے محبت کرنے والے اپنی مادری زبان کی خدمت کے لیے آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ اپنے گھروں، تعلیمی اداروں، دفاتر اور سماجی زندگی میں سندھی زبان کے استعمال کو فروغ دیں۔ اس موقع پر معروف شاعر مختیار ملک نے کہا کہ سندھی زبان ہماری شناخت، تاریخ اور تہذیب کی بنیاد ہے۔ یہ صرف اظہارِ خیال کا ذریعہ نہیں بلکہ ہمارے قومی وجود کی علامت بھی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کے لیے ایسے تدریسی کورسز کے انعقاد پر سندھی لینگویج اتھارٹی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اہلِ علم و ادب کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی زبان کی ترقی اور ترویج کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس کورس کے تربیت یافتہ شرکاء سندھی زبان کی خدمت کریں گے اور اس کی محبت و اہمیت آئندہ نسلوں تک منتقل کریں گے۔ سندھی ادبی سنگت کے سابق سیکریٹری جنرل ڈاکٹر مشتاق پھل نے کہا کہ سندھی دنیا کی قدیم ترین اور نہایت مالا مال زبانوں میں سے ایک ہے، جس کے پاس علم، ادب اور ثقافت کا عظیم سرمایہ موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے تدریسی کورسز وقت کی اہم ضرورت ہیں کیونکہ نئی نسل کو اپنی مادری زبان سے جوڑے بغیر قومی شناخت کا تحفظ ممکن نہیں۔ انہوں نے اس بہترین اقدام پر سندھی لینگویج اتھارٹی کو مبارکباد پیش کی اور زبان کی ترویج، تحقیق اور تدریس کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا ریڈیو پاکستان خیرپور کے اسٹیشن ڈائریکٹر مسرت علی منگی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ریڈیو پاکستان ہمیشہ سندھی زبان، ادب اور ثقافت کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کرتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھی زبان کی بقا اور ترقی کے لیے صرف تعلیمی ادارے ہی نہیں بلکہ میڈیا کو بھی اپنی ذمہ داریاں ادا کرنا ہوں گی۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ اس کورس کے تربیت یافتہ نوجوان سندھی زبان کے درست استعمال اور اس کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گے۔ کورس کے تربیت کار اور معروف شاعر حبدار جاگیرانی نے کہا کہ سندھی زبان ہماری محبت، شناخت اور ثقافتی ورثے کی علامت ہے۔ اگر ہم اپنی مادری زبان کو مضبوط بنانا چاہتے ہیں تو ہمیں گھر، اسکول اور معاشرے کی ہر سطح پر اس کے استعمال کو فروغ دینا ہوگا۔ انہوں نے ایک ماہ پر مشتمل اس کورس کی کامیاب تکمیل پر اساتذہ اور تمام شرکاء کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ایسے پروگرام جاری رہیں گے تاکہ سندھی زبان مزید ترقی کر سکے۔ تقریب سے منظور خاموش، ضمیر لاشاری، پروفیسر مختیار چنو، تاج سروہی، دیدار معصوم، فقیر پھلیو، ساگر صفی اللہ شر، شیراز شاہ اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے اختتام پر کورس کامیابی سے مکمل کرنے والے 30 شرکاء میں اسناد تقسیم کی گئیں۔