November 18, 2026

پریا ایکشن کمیٹی کا سندھ اور وفاقی حکومت کو تین روزہ الٹی میٹم، مطالبات منظور نہ ہونے پر صوبہ بھر میں شٹر ڈاؤن اور لاک ڈاؤن کی دھمکی

Screenshot_2026-07-13_064007.418

پریا ایکشن کمیٹی کا سندھ اور وفاقی حکومت کو تین روزہ الٹی میٹم، مطالبات منظور نہ ہونے پر صوبہ بھر میں شٹر ڈاؤن اور لاک ڈاؤن کی دھمکی

سکھر(بیورورپورٹ)ببرلو بائی پاس پر دھرنے کے شرکاء اور ورثا کی جانب سے قائم پریا ایکشن کمیٹی نے سندھ اور وفاقی حکومت کو اپنے مطالبات کی منظوری کے لیے تین روزہ الٹی میٹم دے دیا ہے۔ آج الٹی میٹم کا دوسرا دن ہے، جبکہ کمیٹی کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ اگر مقررہ مدت کے اندر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج میں مزید شدت لائی جائے گی۔ پریا ایکشن کمیٹی کے مطابق دھرنا 10 محرم الحرام سے ببرلو بائی پاس پر جاری ہے اور آج احتجاج کا اٹھارہواں دن ہے۔رہنماؤں نے کہا کہ تین روزہ الٹی میٹم مکمل ہونے کے بعد احتجاج کو بیس دن ہو جائیں گے، جس کے بعد اگلے مرحلے میں سندھ بھر میں تمام اہم شاہراہیں اور راستے بند کیے جائیں گے۔ کمیٹی کے رہنماؤں نے اعلان کیا کہ مطالبات کی عدم منظوری کی صورت میں سندھ بھر میں شٹر ڈاؤن اور لاک ڈاؤن جیسی احتجاجی سرگرمیاں شروع کی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا آئینی اور جمہوری حق ہے اور وہ اپنے حقوق کے حصول کے لیے تمام قانونی اور جمہوری راستے اختیار کرنے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ پریا ایکشن کمیٹی نے سندھ کے عوام، سماجی تنظیموں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کے مطالبات کی حمایت میں آواز بلند کریں اور احتجاجی تحریک کا ساتھ دیں۔