ایسا تو نہیں کرتے ناں کسی کی بیٹی کو مرغا بنانا اور تھپڑ مارنا یہ کیسا اختیار ہے ۔
ایسا تو نہیں کرتے ناں کسی کی بیٹی کو مرغا بنانا اور تھپڑ مارنا یہ کیسا اختیار ہے ۔
سرگودھا کے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے دفتر سے سامنے آنے والا حالیہ واقعہ صرف ایک نوجوان لڑکی پر تشدد کا معاملہ نہیں ہے
بلکہ یہ ہمارے پورے انتظامی ڈھانچے، پولیس کے رویے اور انسانیت کے منہ پر ایک زوردار طمانچہ ہے۔ ایک ایسا پروگرام جو غریب اور بے سہارا خواتین کو ریلیف فراہم کرنے کے نام پر بنایا گیا، آج اسی کے دفاتر مظلوموں کے لیے عقوبت خانے بنتے جا رہے ہیں۔
موقع پر موجود چشم دید گواہ خواتین اور خود متاثرہ لڑکی کا یہ الزام کہ اسے مرد اور لیڈیز پولیس اہلکاروں نے بالوں سے پکڑ کر گھسیٹا، کمرے میں بند کر کے تشدد کا نشانہ بنایا اور مبینہ طور پر “مرغا” بنا کر انسانیت کی تذلیل کی، روح کو کانپا دینے کے لیے کافی ہے۔ کیا ہمارے قانون اور تہذیب میں کسی کی بیٹی، کسی کی بہن کے ساتھ ایسا سلوک کرنے کی اجازت دی جا سکتی ہے؟ اگر آپ کے پاس وردی کا رعب اور کرسی کا اختیار ہے، تو کیا اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ کسی بھی مجبور شہری کی عزتِ نفس کو پیروں تلے روند ڈالیں؟ یہ سراسر انسانیت سوز اور وحشیانہ رویہ ہے۔
اس پورے واقعے میں سب سے افسوسناک کردار بی آئی ایس پی دفتر کی انچارج میڈم کا سامنے آیا ہے، جنہوں نے مبینہ طور پر غریب خواتین کی داد رسی کرنے کے بجائے پولیس کو بلا کر ایک نوجوان لڑکی پر وحشیانہ تشدد کروایا۔
مقامی ذرائع اور وہاں آنے والی دیگر خواتین کے مطابق، اس دفتر کی انچارج کا رویہ غریب اور حق دار خواتین کے ساتھ پہلے بھی انتہائی ہتک آمیز اور متکبرانہ رہا ہے اور ان کے خلاف پہلے بھی متعدد شکایات سامنے آ چکی ہیں۔ جب محافظ ہی غاصب بن جائیں اور امداد بانٹنے والے ہی جلاد کا روپ دھار لیں، تو غریب عوام انصاف کے لیے کس کا دروازہ کھٹکھٹائیں؟
بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا بنیادی مقصد ہی غریب ترین خواتین کو معاشی تحفظ اور عزتِ نفس فراہم کرنا ہے۔ لیکن جب سرگودھا جیسے دفاتر میں ان خواتین کو چند ہزار روپے کی امداد کے عوض اپنی عزت، غیرت اور جسمانی سلامتی کی قربانی دینی پڑے، تو ایسے نظام پر سوال اٹھنا لازمی ہے۔ ایک بچی کو بالوں سے پکڑ کر گھسیٹنا اور اس کی سرِعام تذلیل کرنا یہ ثابت کرتا ہے کہ ان افسران کے دلوں میں نہ تو خدا کا خوف ہے اور نہ ہی قانون کا کوئی ڈر۔
ہم اس تحریر کے ذریعے ریجنل پولیس آفیسر (RPO) سرگودھا اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (DPO) سرگودھا سے پرزور گزارش کرتے ہیں کہ اس معصوم بچی کے الزامات پر فوری طور پر ایک اعلیٰ سطحی شفاف انکوائری کمیٹی تشکیل دی جائے۔ موقع پر موجود گواہ خواتین کے بیانات قلمبند کیے جائیں اور سی سی ٹی وی (CCTV) فوٹیج کی مدد سے حقائق سامنے لائے جائیں۔ اگر یہ الزامات درست ثابت ہوتے ہیں—جیسا کہ بظاہر موقع پر موجود خواتین کی تصدیق سے معلوم ہوتا ہے—تو ملوث مرد اور خواتین پولیس اہلکاروں کو نہ صرف معطل کیا جائے بلکہ ان کے خلاف سخت ترین تعزیراتی مقدمات درج کر کے انہیں عبرت کا نشان بنایا جائے۔
ساتھ ہی، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے اعلیٰ حکام، چیئرپرسن اور ڈی جی پنجاب سے اپیل ہے کہ سرگودھا دفتر کی انچارج میڈم کو فوری طور پر عہدے سے ہٹا کر ان کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے۔ ایسے متکبر اور سنگدل افسران کو کسی بھی عوامی فلاحی پروگرام کا حصہ رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔
اگر آج ہم نے سرگودھا کی اس بیٹی کے لیے آواز نہ اٹھائی، تو کل کوئی بھی غریب عورت کسی سرکاری دفتر میں محفوظ نہیں رہے گی۔ یہ وقت مصلحت پسندی کا نہیں، بلکہ مظلوم کے حق میں کھڑے ہونے اور ظالم کا ہاتھ پکڑنے کا ہے۔ انصاف کا تقاضا ہے کہ اس بچی کو فوری انصاف ملے تاکہ مستقبل میں کوئی بھی بااختیار شخص کسی غریب پر ہاتھ اٹھانے کی جرات نہ کر سکے۔
اس آواز کو مریم نواز تک لازمی پہنچائیں