ٹھٹہ (رپورٹ ) عبدالعزیز شیخ درگاہ عبداللہ شاہ اصحابیؒ کے قریب پرائمری اسکول زبوں حالی کا شکار، اہلِ علاقہ کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ
ٹھٹہ (رپورٹ ) عبدالعزیز شیخ
درگاہ عبداللہ شاہ اصحابیؒ کے قریب پرائمری اسکول زبوں حالی کا شکار، اہلِ علاقہ کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ
گوٹھ اللہ بچایو میر (نمائندہ خصوصی): درگاہ حضرت عبداللہ شاہ اصحابیؒ کے قریب واقع گورنمنٹ پرائمری اسکول گزشتہ کئی برسوں سے خستہ حالی کا شکار ہے۔ اسکول کی عمارت بوسیدہ ہو چکی ہے جبکہ بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث طلبہ کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مقامی افراد کے مطابق ضلعی انتظامیہ اور محکمۂ تعلیم کی جانب سے اب تک اسکول کی مرمت یا بحالی کے لیے کوئی مؤثر اقدام نہیں کیا گیا۔اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ جہاں ایک جانب ٹھٹھہ شہر میں مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے، وہیں دیہی علاقوں، خصوصاً گوٹھ اللہ بچایو میر، کو مسلسل نظرانداز کیا جا رہا ہے۔ گاؤں میں نہ مناسب سڑکیں موجود ہیں اور نہ ہی تعلیم سمیت دیگر بنیادی سہولیات میسر ہیں، جس سے عوام میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔مقامی رہائشیوں نے الزام عائد کیا کہ منتخب نمائندے، خصوصاً شیرازی برادران، ہر انتخاب کے موقع پر ترقیاتی وعدے کرتے ہیں، مگر کامیابی کے بعد علاقے کے مسائل کے حل پر خاطر خواہ توجہ نہیں دیتے۔اہلِ علاقہ نے صوبائی وزیر علی حسن زرداری، سندھ حکومت، ضلعی انتظامیہ اور محکمۂ تعلیم سے مطالبہ کیا ہے کہ گورنمنٹ پرائمری اسکول کی فوری مرمت یا نئی عمارت کی تعمیر کے ساتھ ساتھ طلبہ کو بنیادی تعلیمی سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے گاؤں کی سڑکوں اور دیگر بنیادی مسائل کے حل کے لیے بھی ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی اپیل کی تاکہ دیہی آبادی کو بھی ترقی کے مساوی مواقع میسر آ سکیں۔