کوٹ مومن (راجہ نورالہی عاطف سے) تحصیل بار ایسوسی ایشن کوٹ مومن کے زیر اہتمام “روڈ سیفٹی
کوٹ مومن (راجہ نورالہی عاطف سے) تحصیل بار ایسوسی ایشن کوٹ مومن کے زیر اہتمام “روڈ سیفٹی سیمینار” کا انعقاد کیا گیا، جس میں موٹروے پولیس کے افسران انسپکٹر رانا عمران، انسپکٹر بلال وڑائچ، سب انسپیکٹر فریال علی، سیکرٹری تحصیل بار ایسوسی ایشن ملک کلیم ریحان اور وکلاء برادری کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے موٹروے پولیس کے افسران نے شرکاء کو روڈ سیفٹی، لین ڈسپلن، قومی شاہراہوں پر محفوظ سفر کے اصولوں اور ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کی اہمیت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے موٹروے پولیس کی 130 ہیلپ لائن کے مؤثر استعمال، شدید گرمی کے موسم میں گاڑیوں کے ٹائروں کی بروقت جانچ، ہر گاڑی میں آگ بجھانے والے آلے (فائر ایکسٹنگوشر) کی موجودگی اور تیز رفتاری کے نقصانات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
مقررین نے کہا کہ ٹریفک قوانین پر عمل، محتاط ڈرائیونگ اور حفاظتی تدابیر اختیار کرکے قیمتی انسانی جانوں کو حادثات سے محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔ شرکاء نے سیمینار کو معلوماتی اور مفید قرار دیتے ہوئے ایسے آگاہی پروگراموں کے انعقاد کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔