سکھر (بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی) سکھر کی سبزی منڈی کے قریب واقع گاؤں عارب شیخ کی
سکھر (بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی) سکھر کی سبزی منڈی کے قریب واقع گاؤں عارب شیخ کی رہائشی خاتون انوشا زوجہ بابر علی شیخ نے اپنے شوہر کے ہمراہ احتجاج کرتے ہوئے اپنے رشتہ داروں پر زیادتی، دھمکیوں اور اغوا کی کوشش کے سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔خاتون نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس کے بھائی سراج دین عرف یاسر شیخ ولد جلال دین شیخ اور دیگر اہل خانہ اس کی شادی سے خوش نہیں تھے۔ اس نے کہا کہ تین ماہ قبل یاسر کی شادی ہوئی تھی، جس دوران وہ حق مہر میں ملنے والا ایک تولہ سونا دس دن کے لیے ادھار لے گئے تھے۔ بعد ازاں انہوں نے سسر سے ساڑھے تین لاکھ روپے کی رقم بھی ادھار لیکر دینے کو کہا، لیکن رقم نہ ہونے کی وجہ سے انکار کرنے پر بھائی اور دیگر رشتہ داروں نے سنگین نتائج بھگتنے، شوہر سے طلاق دلوانے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔ اس نے الزام لگایا کہ اس کے شوہر بابر علی کو بھی قتل کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں، جس کے باعث دونوں کی جان کو خطرہ لاحق ہے۔انوشا نے کہا کہ وہ اپنے شوہر کے ساتھ خوشگوار زندگی گزار رہی ہے، مگر اس کے لالچی رشتہ دار اس کا گھر برباد کرنا چاہتے ہیں۔ اس نے مزید الزام عائد کیا کہ دس دن کے لیے لیا گیا سونا واپس نہیں کیا گیا، بلکہ اب الٹا اس پر سونا چوری کرنے کا الزام لگایا جا رہا ہے۔متاثرہ خاتون کے مطابق گزشتہ روز سراج دین عرف یاسر شیخ ولد جلال دین شیخ، یونس، خالد، عابد، جمیل، علی جان اور دیگر افراد زبردستی ان کے گھر میں داخل ہوئے، اسے اغوا کرنے کی کوشش کی اور لاٹھیوں اور ڈنڈوں سے تشدد کیا، جس کے نتیجے میں اس کا ہاتھ زخمی ہوگیا۔ اس نے بتایا کہ پولیس کو اطلاع دینے پر اہلکار موقع پر پہنچ گئے، جس کے بعد ملزمان دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہوگئے۔انوشا شیخ اور اس کے شوہر نے آئی جی سندھ، ڈی آئی جی سکھر، ایس ایس پی سکھر اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرتے ہوئے انہیں جان و مال کا تحفظ فراہم کیا جائے۔