10

نوابشاہ(رپورٹ۔انور عادل خانزادہ)ایس ایس پی شہید بینظیر آباد سمیر نور چنہ* کی سربراہی میں ضلع

نوابشاہ(رپورٹ۔انور عادل خانزادہ)ایس ایس پی شہید بینظیر آباد سمیر نور چنہ* کی سربراہی میں ضلع پولیس کی شاندار کارکردگی، ماہِ جون کی تفصیلی رپورٹ جاری، کروڑوں مالیت کی منشیات، غیر قانونی اسلحہ اور گٹکا برآمد، 101 روپوش ملزمان گرفتار۔ایس ایس پی شہید بینظیر آباد سمیر نور چنہ کی خصوصی ہدایات اور زیرِ نگرانی ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر، منشیات فروشوں، اسٹریٹ کرمنلز اور امن و امان میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف ایک وسیع اور منظم کریک ڈاؤن کیا گیا۔ ماہِ جون کے دوران ضلعی پولیس نے جرائم کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہوتے ہوئے شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں، جس کی تفصیلی کارکردگی رپورٹ ترجمان پولیس کی جانب سے جاری کر دی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق غیر قانونی اسلحہ کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں کے دوران ضلع بھر میں مجموعی طور پر *23 مقدمات درج کر کے 23 ملزمان* کو گرفتار کیا گیا، جن کے قبضے سے *01 کلاشنکوف، 20 پسٹلز، 02 شاٹ گن، 80 راؤنڈز اور 03 کارتوس* برآمد کر کے سنگین وارداتیں ناکام بنائی گئیں۔اسی طرح نسلِ نو کو منشیات کے زہر سے بچانے کے لیے جاری مہم میں پولیس نے کڑی کارروائی کرتے ہوئے *24 مقدمات درج کیے اور 24 منشیات فروشوں* کو حراست میں لیا۔ ان ملزمان کے قبضے سے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات، جس میں *19 کلو 135 گرام چرس، 180 لیٹر شراب معہ 99 پنٹس، 32 کلو 100 گرام بھنگ اور 3 کلو 268 گرام خطرناک کیمیائی منشیات آئس (ICE)* برآمد کر لی گئی۔ضلع میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور مجرموں کے خاتمے کے لیے پولیس اور جرائم پیشہ عناصر کے مابین *07 ہائی پروفائل مقابلے ہوئے*، جن کے نتیجے میں 07 مقدمات درج کیے گئے۔ ان مقابلوں کے دوران 01 انتہائی مطلوب اور سنگین جرائم میں ملوث پکا مجرم ہلاک ہوا جبکہ دیگر 06 ملزمان کو پولیس نے زخمی حالت میں گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا۔مزید برآں، انسانی صحت کے لیے شدید خطرہ بننے والے مضرِ صحت گٹکا اور ماوا مافیا کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے *44 مقدمات درج کیے گئے اور 54 ملزمان* کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا، جن سے *203 کلو 164 گرام ممنوعہ Z-21 گٹکا* برآمد ہوا۔روپوش اور قانون سے بھاگے ہوئے ملزمان کے خلاف بھی گھیرا تنگ کیا گیا، جس کے نتیجے میں کامیاب چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران مختلف مقدمات میں مطلوب *101 روپوش (Absconders) ملزمان* کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ ضابطہ فوجداری کی دفعہ 550 کے تحت کارروائی کرتے ہوئے 03 مشتبہ موٹر سائیکلیں بھی تحویل میں لی گئیں۔ایس ایس پی شہید بینظیر آباد سمیر نور چنہ نے ماہِ جون کی اس شاندار کارکردگی پر تمام ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور سی آئی اے ٹیموں کی محنت اور بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر کے شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور امن کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ منشیات فروشی، گٹکا ماوا کی فروخت اور اسٹریٹ کرائم جیسے ناسور کے خلاف مہم کو مزید تیز کیا جائے گا اور کسی بھی سطح پر غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ بہترین کارکردگی دکھانے والے افسران اور جوانوں کے لیے تعریفی اسناد اور نقد انعامات کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں