4

سکھر میں بجلی چوری کے خلاف سیپکو کا کریک ڈاؤن، 150 سے زائد غیر قانونی کنکشن منقطع

سکھر میں بجلی چوری کے خلاف سیپکو کا کریک ڈاؤن، 150 سے زائد غیر قانونی کنکشن منقطع

سکھر(بیورورپورٹ سید۔ غیر حسین زیدی)سکھر الیکٹرک پاور سپلائی کمپنی (سیپکو) نے بجلی چوری کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا آغاز کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں کارروائی کے دوران 150 سے زائد غیر قانونی کنڈا کنکشن ختم کر دیے، جبکہ بجلی چوری میں استعمال ہونے والی تاریں بھی اپنی تحویل میں لے لیں۔تفصیلات کے مطابق سیپکو چیف اعجاز احمد چنا کی خصوصی ہدایات پر سیپکو سب ڈویژن ون کے عملے نے پولیس اور رینجرز کی معاونت سے ایس ڈی او سب ڈویژن ون، چیئرمین شجاعت علی گھمرو، ایل ایس شوکت سومرو اور دیگر افسران کی نگرانی میں ایوب گیٹ، ایکسائز روڈ، پاک کالونی اور دیگر متعلقہ علاقوں میں مشترکہ کارروائیاں کیں۔کریک ڈاؤن کے دوران بجلی کے 150 سے زائد غیر قانونی کنڈا کنکشن منقطع کیے گئے، جبکہ بجلی چوری کے لیے استعمال ہونے والی تاریں بھی قبضے میں لے لی گئیں۔ کارروائی کے دوران بجلی کے براہِ راست اور غیر قانونی کنکشنز کی نشاندہی کرکے انہیں فوری طور پر ختم کر دیا گیا۔اس موقع پر سیپکو حکام نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیپکو چیف اعجاز احمد چنا کی ہدایات کے مطابق بجلی چوری کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کیا جا رہا ہے اور یہ مہم بلا تعطل جاری رہے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ سب ڈویژن ون کے کسی بھی علاقے میں کسی فرد یا گروہ کو بجلی چوری کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ایس ڈی او نے مزید کہا کہ بجلی چوری میں ملوث پائے جانے والے ہر شخص کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ غیر قانونی ذرائع سے بجلی استعمال کرنے سے گریز کریں اور قانونی طریقہ کار کے تحت بجلی کے کنکشن حاصل کریں تاکہ کسی بھی قانونی کارروائی سے محفوظ رہ سکیں۔سیپکو حکام کا کہنا تھا کہ بجلی کی منصفانہ تقسیم، لائن لاسز میں کمی اور بجلی کے نظام کی بہتری کے لیے عوام کا تعاون ناگزیر ہے، اور شہریوں کے اشتراک سے ہی بجلی چوری کے خاتمے اور صارفین کو بہتر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں