ڈیوائس مافیا کے خاتمے کے لیے اہم قدم، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں ڈیجیٹل سوشل پروٹیکشن والیٹ کا آغاز
ٹھٹھہ:رپٹ دعاانیوز عبدالعزیز شیخ
ٹھٹھہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر طاھرہ پیچوہو نے ضلع کے مختلف ادائیگی مراکز اور ڈیوائس ہولڈرز کے مراکز کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے مستحق خواتین سے ملاقات کی، انہیں ادائیگیوں کے نئے نظام سے آگاہ کیا اور ان کی شکایات سنیں۔
اس موقع پر متعدد خواتین نے ڈیوائس ہولڈرز کی جانب سے وظیفے میں مبینہ کٹوتیوں کے ساتھ ساتھ بی آئی ایس پی کی مخصوص سم فراہم کرنے کے دوران رشوت طلب کیے جانے کی شکایات بھی کیں۔ اس پر طاہرہ پیچوہو نے سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ عملے اور ڈیوائس ہولڈرز کو واضح ہدایات جاری کیں کہ کسی بھی مستحق خاتون سے وظیفے یا سم کی فراہمی کے عوض ایک روپیہ بھی غیرقانونی طور پر وصول نہ کیا جائے، بصورت دیگر ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ڈیوائس مافیا، کٹوتیوں اور بدعنوانی کے خاتمے کے لیے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام جولائی 2026 سے ادائیگیوں کا نیا ڈیجیٹل سوشل پروٹیکشن والیٹ (SPW) نظام متعارف کرا رہا ہے، جس کے تحت مستحق خواتین کی اقساط براہِ راست ان کے ڈیجیٹل والیٹ میں منتقل کی جائیں گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مستحق خواتین اپنے والیٹ کی حیثیت 8171 پورٹل یا بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے دفتر سے معلوم کر سکتی ہیں، جبکہ رقم وصول کرنے کے لیے اصل شناختی کارڈ اور بائیومیٹرک تصدیق لازمی ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ رقم والیٹ میں محفوظ رہے گی، اس لیے اسے فوری طور پر نکلوانا ضروری نہیں ہوگا۔
طاھرہ پیچوہو نے خواتین کو ہدایت کی کہ اگر وظیفے میں کٹوتی، سم کی فراہمی کے دوران رشوت طلب کیے جانے یا کسی بھی قسم کی ناجائز وصولی کی شکایت ہو تو فوری طور پر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے متعلقہ دفتر کو آگاہ کریں تاکہ ذمہ داروں کے خلاف فوری کارروائی کرتے ہوئے مستحقین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔









